1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آنگ سان سوچی پر بات نہیں، حکومت کی تنبیہ

6 جون 2009

میانمار کے سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت نے نظر بند رہنما آنگ سان سوچی کی پارٹی نیشنل لیگ آف ڈیمو کریسی NLD کو تنبیہ کی ہے کہ وہ آنگ سان سوچی کے حوالے سے بات کرنے سے پرہیز کرے۔

https://p.dw.com/p/I4Z6
میانمار میں حزب اختلاف کی گرفتار رہنما سوچیتصویر: AP

حکومت کے مطابق پارٹی کے رہنما اور ممبران سوچی کی نظر بندی کے حوالے سے عوام کے جذبات بھڑکا رہے ہیں۔ جمعہ کی رات پارٹی کے چار سنیئر رہنماؤں نے حکومتی عہدیداروں سے تقریبا تیس منٹ گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات نوجوانوں کی جانب سے ملک کی معروف ویب سائٹ پر ان بلاگز کے بعد ہوئی ہے جن میں پارٹی کے نوجوانوں کے بازو کی جانب سے ویب سائٹ پر واضح الفاظ میں سوچی کو میانمار کے لئے نئی روشنی سے تعبیر کیا گیا تھا۔ جمعے کی پارٹی کے ان اعلٰی ممبران کو حکام سے ملاقات کا حکم دیا گیا تھا۔ حکام نے ان رہنماؤں سے ایک کاغذ پر دستخط بھی لئے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے پیشگی خبردار کر دیا گیا ہے۔

Prozess um Suu Kyi
میانمار میں جمہوریت کے حامی سوچی کے حق میں مظاہرے کے دورانتصویر: picture-alliance/ dpa


میانمار کے اخبارات میں چھپنے والے حکومتی مؤقف میں کہا گیا ہے کہ NLD کو آزادیء اظہار کا حق حاصل ہے تاہم انہیں عوام کو بھٹکانے سے منع کیا گیا ہے۔ اخبار میں چھپنے والے ایک بیان کے مطابق : ’’ پارٹی ملک میں امن، بھائی چارے اور قانون کی بالادستی کے لئے کام کرے اور ان معملات پر بات نہ کرے جو عدالت میں زیر سماعت ہیں۔‘‘

اخبار میں حکومتی بیان میں لکھا ہے: ’’ ایسی رویے سے عوام میں حکومت کے خلاف غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے جس سے نقص عامہ اور انتشار کا خطرہ ہے۔‘‘

آنگ سان سوچی پر نظر بندی کے ضابطوں اور قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سوچی نے ماہ مئی کے دوران ایک امریکی شہری سے ملاقات کی تھی۔ نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی NLD کے نوجوانوں کے بازو کی زیر نگرانی چلنے والی ویب سائٹ میں گردش کرنے والے ایک پیغام میں عدالتی کارروائی پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ اس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوچی پر مقدمہ بند کمروں کی بجائے کھلی عدالت میں چلایا جائے۔

گزشتہ دس روز سے جاری مقدمے کی سماعت میں حکومت کی جانب سے صرف دو مقامی اور دو چینی صحافیوں کو عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ کی اجازت دی گئے ہے۔

عدالتی سماعت کے دوران سوچی کے وکلاء کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے عدالت ضمانت کے حوالے سے حکم منگل نو جون کو سنائے گی۔ وکلاء صفائی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ سوچی کے جانب سے پیش ہونے والے چار گواہوں پر حکومتی پابندی ہٹائی جائے تا کہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہو سکیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ