آسٹریلین اوپن: عالمی نمبر ایک اور دو آمنے سامنے
30 جنوری 2009رافائل نادال نے سیمی فائنل میں 14ویں نمبر کے عالمی کھلاڑی فیرنانڈو وارداسکو کو طویل جدوجہد کے بعد پانچ سیٹس کے کھیل میں چھ سات، چھ چار، سات چھ، چھ سات اور چھ چار سے شکست دی۔
عالمی نمبر ایک کو کھیل کے پہلے سیٹ میں ناکامی کے بعد کافی محنت اور قوت صرف کرنا پڑی۔ اس ٹورنامنٹ میں اپنی بھرپور فارم میں نظر آنے والے نادال عالمی نمبر چودہ کو بے بس کرنے میں مکمل کامیاب دکھائی نہ دئے۔ اس سیمی فائنل کے بارے میں توقع کی جارہی تھی کہ یہ یک طرفہ ہو گا اور زیادہ طویل اور دلچسپ کھیل دیکھنے کو نہیں ملے گا مگر شائقین کو ایک زبردست اور سنسنی خیر میچ دیکھنے کا موقع ملا۔
آسٹریلین اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال اور عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ راجر فیڈرر اس ایونٹ کے آغاز پر بھرپور فارم میں دکھائی نہیں دے رہے تھے تاہم کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں ان کی کارکردگی میں واضح فرق دکھائی دیا۔ کوارٹر فائنل میں دیل پوترو کے خلاف کھیلتے ہوئے چھ تین ، چھ صفر اور چھ صفر سے فیڈرر کی کامیابی ان کے شائقین کو ہمیشہ یاد رہے گی۔
اس ایونٹ میں نادال کی بہتر پرفارمنس اور سیمی فائنل میں فتح کے باوجود مبصرین فائنل کو رافائل نادال کے لئے مشکل قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر نادال کی جانب سے سیمی فائنل جیسی کارکردگی کا مظاہرہ فائنل میں بھی سامنے آیا تو شاید فیڈرر ان کی ہر غلطی کو پوائنٹس ٹیبل پر آویزاں کر دیں گے۔