1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن، دیل پوترو ایونٹ سے باہر

24 جنوری 2010

میلبورن میں جاری رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے سلسلے میں اتوار کے روز ہونے والے مقابلوں میں نتائج خاصے غیر متوقع رہے۔ یو ایس اوپن کا اعزاز جیتنے والے دیل پوترو ایک اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/LfjC
دیل پوترو کو مارِین چیلِچ نے شکست دیتصویر: AP

ارجنٹائن کے عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر کے کھلاڑی خوآن مارٹن دیل پوترو کو کروشیا کے عالمی درجہ بندی میں چودہویں نمبر کے کھلاڑی مارِین چیلِچ نے پانچ سات، چھ چار، سات پانچ، پانچ سات اور چھ تین سے ہرا دیا۔ دیل پوترو نے کہا کہ وہ بہت تھک چکے ہیں اور اپنے وطن ارجنٹائن جا کر ڈاکٹروں سے اپنے زخموں کا معائنہ کروائیں گے۔

دیل پوترو ہی کی طرح تھکن سے نڈھال تھیں، فرینچ اوپن چیمپئن روسی کھلاڑی سویتلانہ کزنیٹسوووا بھی، جنہیں اپنی ہی ہم وطن کھلاڑی نادیہ پیٹرووا کے ہاتھوں چھ تین، تین چھ اور چھ ایک سے شکست اٹھانا پڑی۔

آج کے دیگر کوارٹر فائنل میچوں میں اسپین کے چھ گرینڈ سلیم ٹائیٹل جیتنے والے رافائیل نادال نے کروشیا کے اِیوو کارلووِچ کو شکست دی۔ سیمی فائنل میں نادال کا مقابلہ اینڈی مرے کے ساتھ ہو گا، جو گزشتہ پچیس برسوں میں آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی تھے اور جنہوں نے آج امریکہ کے جون اِیسنر کو شکست سے دو چار کیا۔ مرے اور نادال کے درمیان اب تک ہونے والے نو میچوں میں سے سات میں نادال کو فتح حاصل ہوئی۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر