1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آزادی صحافت کا عالمی دن: فکری اختلاف کے لیے احترام کی ضرورت

سلمان حیدر
3 مئی 2017

امریکا اور پولینڈ جیسی جمہوریتوں میں بھی صحافی مسلسل بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہیں۔ اس کی ایک وجہ عوامی مکالمت کا محدود ہو جانا بھی ہے، جس میں میڈیا بھی حصے دار ہے۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ڈی ڈبلیو کا تبصرہ:

https://p.dw.com/p/2cGaM
Symbolbild gefährliche Arbeitsbedingungen für Journalisten
تصویر: AFP/Getty Images/P. Baz

آج تین مئی کو منائے جانے والے آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے ڈوئچے ویلے کی چیف ایڈیٹر اِینس پوہل اپنے تبصرے میں لکھتی ہیں کہ اس وقت پوری دنیا میں زیادہ سے زیادہ صحافی مسلسل بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کے کام میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں، انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں اور گرفتار حتیٰ کہ انہیں ہلاک بھی کر دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں جملہ بین الاقوامی کوششوں کے باوجود مصر اور برونڈی جیسے ملکوں میں صحافیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

Pakistan Journalisten Mord Pressefreiheit Medien
تصویر: picture-alliance/dpa/T.Mughal

ترکی میں گزشتہ برس موسم گرما میں فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے صحافیوں اور میڈیا کے خلاف جبر کی ایک ایسی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے، جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی تھی اور جس دوران ترک نژاد جرمن صحافی ڈینیز یُوچَیل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد صحافیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

جنگوں اور بحرانوں کے شکار شام، عراق، یمن اور افغانستان جیسے ممالک میں بھی صحافیوں کو ابھی تک ہر طرف سے جان لیوا خطرات کا سامنا ہے۔

اس تناظر میں بیک وقت متعدد زبانوں میں قارئین، سامعین او ناظرین تک معلومات پہنچانے والے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا کردار اور بھی اہم ہو جاتا ہے تاکہ پابندیوں اور سنسر کی زد میں آئے ہوئے معاشروں تک غیر جانبدارانہ معلومات کی ترسیل رکنے نہ پائے۔

Ines Pohl
ڈوئچے ویلے کی چیف ایڈیٹر اِینس پوہلتصویر: DW/P. Böll

اس سلسلے میں ایک خطرناک پیش رفت، جس کی صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے بھی اپنی تازہ ترین رپورٹ میں تصدیق کی ہے، یہ ہے کہ مستحکم جمہوریتوں میں بھی اب صحافی اور میڈیا بہت زیادہ دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔

امریکا اور پولینڈ جیسے ملکوں میں بھی سیاستدان میڈیا دشمن بیان بازی اپنا چکے ہیں اور خفیہ اداروں کی طرف سے میڈیا کی نگرانی کے عمل کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایسے قوانین نافذ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد میڈیا کی آزادانہ کارکردگی کو محدود کرنا ہے۔

اسی تلخ حقیقت کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی مسلمہ اور قابل اعتماد میڈیا ہاؤسز کی طرف سے رپورٹنگ کو ناقابل اعتماد قرار دینے کی کوششوں میں سب سے آگے ہیں اور خود ان کی طرف سے کسی بھی طرح کے فلٹر یا چیکنگ کے نظام کے بغیر صبح شام کی جانے والی ٹویٹس کے ذریعے بہت سی معلومات ٹوئٹر پر ہر روز کروڑوں انسانوں تک پہنچ رہی ہیں۔ ایک بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ جو کچھ ٹرمپ کہتے ہیں، اس میں اکثر سراسر جھوٹ ہوتا ہے۔

صرف امریکا اور پولینڈ ہی نہیں بلکہ فرانس، ہالینڈ اور جرمنی جیسے معاشروں میں بھی پیشہ ورانہ بنیادوں پر کام کرنے والے ذرائع ابلاغ کی عوام میں ساکھ ماضی کے مقابلے میں خراب ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا کا اپنے قابل اعتماد ہونے سے محروم ہوتے جانا اس وقت آزادی صحافت کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔