1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی پی ایل مقابلوں میں بال ٹمپرنگ جاری ہے، وسیم اکرم

17 اپریل 2010

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے جاری سیزن میں، میچوں کے دوران متعدد فاسٹ بولر بال ٹمپرنگ میں ملوث ہیں۔

https://p.dw.com/p/Mymw
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرمتصویر: AP

بائیں ہاتھ کے لیجنڈری سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ کے مبصر وسیم اکرم کے تازہ بیان کو انتہائی چونکا دینے والا ’انکشاف‘ قرار دیا گیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں چند فاسٹ بولر گیند کو خراب کرنے کی کوشش میں لگے ہیں۔ اُن کے مطابق بولر گیند کو زمین پر پھیلائی خشک سرخ کیچڑ کی مٹی پر رگڑ کر خراب کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

وسیم اکرم کرکٹ میچوں پر کمنٹری کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ کی ایک ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈر کے بولنگ کوچ بھی ہیں۔ اپنے بیان میں اکرم نے گراؤنڈ پر تعینات امپائروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ بولروں کی اِس حرکت سے کیوں بےخبر ہیں۔ اکرم کے مطابق امپائر بلے بازوں پر مسلسل توجہ مرکوز کئے ہوتے ہیں تا کہ میچ کی رفتار میں سستی نہ پیدا ہو سکے۔ انہوں نے اِن خیالات کا اظہار ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔

Indian Premier League Cricket
آئی پی ایل کے رواں سیزن کا فائنل آئندہ ہفتے ہو گاتصویر: AP

وسیم اکرم نے اپنے بیان میں کسی بھی بولر پر برائے راست یہ الزام رکھنے سے انکار کیا۔ البتہ اُن کا اصرار ہے کہ میچوں کے دوران چند بولروں نے گیند کو خراب کرنے کے لئے زمین پر بچھائی گئی خشک کیچڑ کی مٹی کا استعمال کیا ہے اور یہ بھی بال ٹمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ اکرم کے مطابق راجستھان، ممبئی یا احمد آباد میں اٹھارہویں اوور کے بعد سرخ مٹی پر گیند رگڑنے کے باعث بلے بازوں کو فلڈ لائٹ میں کھیلنے میں دشواری کا سامنا ہو رہا ہے کیونکہ گیند خراب ہونے کی وجہ سے بلے باز کو مناسب اندازمیں دکھائی نہیں دیتی۔ اکرم کے نزدیک بولر کی اِس حرکت کا مطلب اسکور کو روکنا یا وکٹ حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔

اکرم کے مطابق میچ کے دوران گیند کی اصل صورت کسی طور تبدیل نہیں کی جا سکتی اور گیند پر خشک سرخ کیچڑ کی مٹی کو رگڑنا کسی بھی اصول کے تحت مناسب نہیں ہے۔ امپائر یقینی طور پر کوتاہی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اکرم کے نزدیک اسپنر بولر کا ہاتھوں کو زمین پر رگڑ کر گیند پھینکنا، بال ٹمپرنگ کے دائرے میں نہیں آتا کیونکہ وہ گرم موسم میں پسینے کو خشک کرنے کے لئے ایسا کرتے ہیں اور گیلے ہاتھ کے ساتھ گیند پر کنٹرول ممکن نہیں ہوتا۔ اکرم کے مطابق گیند پر مٹی لگانے یا رگڑنے کے بعد تیز بولر ریورس سونگ کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل کے رواں سیزن کا فائنل 25 اپریل کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں