1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی سی سی بنائے گی دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم

2 جولائی 2011

ٹیسٹ کرکٹ کے 2000 میچ پورے ہونے کے موقع پر آئی سی سی نے دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں سے اب تک کے سب سے بہترین کرکٹ کھلاڑیوں کے انتخاب کی اپیل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/11njo
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹتصویر: AP

دوہزار واں میچ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 21 جولائی سے 25 جولائی کے دوران ہوگا۔ کرکٹ مداحوں کے پاس اس ٹیم کو منتخب کرنے کے لیے 13 جولائی کی آدھی رات تک کا وقت ہے۔ لارڈز کے میدان پر ہونے والے 2000 ویں ٹیسٹ کے ایک ہفتے پہلے ہی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے کہا ہے، ’2000 واں ٹیسٹ ہونے جا رہا ہے ، ایسے میں یہ ایک صحیح موقع ہے کہ ہم ان عظیم کھلاڑیوں کو یاد کریں، جنہوں نے الگ الگ اوقات میں لوگوں کے دلوں پر راج کیا ہے اور ہم سب کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اتنے سارے کھلاڑی ہیں کہ ان کے درمیان سے ایک ٹیم کا انتخاب بے حد مشکل ہوگا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اس کے لیے پرانی یادیں تازہ کرنا ہوں گی اور اس پر بحث بھی زور دار ہوگی۔‘

Pressekonferenz International Cricket Council in Dubai
ہارون لوگارٹ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کرکٹ کی سب سے بہترین شکل ہےتصویر: AP

ہارون لوگارٹ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کرکٹ کی سب سے بہترین شکل ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہم اسے بچائے رکھیں اور اس کو فروغ دیں۔ یہ کوشش ہونی چاہیے کہ آئندہ ہونے والے دوہزار میچوں میں یہ مزید مضبوط ہو کر ابھرے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اب تک کے بہترین بیٹسمین، وکٹ کیپرز اور بالرز کے نام دیئے گئے ہیں، جہاں ہر کوئی بھی اپنی پسندیدہ شخصیت کے حق میں ووٹ دے سکتا ہے۔ پاکستان سے آل راؤنڈر کی لسٹ میں عمران خان کا نام رکھا گیا ہے جبکہ اوپننگ بیٹسمین کی لسٹ میں محمد حنیف کا نام شامل ہے۔ اسی طرح مڈل آرڈر بیٹسمین کی فہرست میں جاوید میانداد اور بہترین وکٹ کیپر کے طور پر وسیم باری کو منتخب کیا جا سکتا ہے۔ فاسٹ باؤلروں کی لسٹ میں وسیم اکرم کا نام آتا ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر سے ساٹھ کے قریب کھلاڑیوں کے نام دیئے گئے ہیں، جن میں سے منتخب ہونے والے 11 کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین ٹیم قرار دیا جائے گا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف توقیر