1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

T20: بھارت کے خلاف سری لنکا کی جیت

10 دسمبر 2009

سری لنکن کرکٹ ٹیم نے بھارتی شہر ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کو 29 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی اس سیریز میں فی الحال ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/Kyds
تصویر: AP

حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد سری لنکن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں زبردست کارکردگی دکھائی۔ ناگپور میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 215 رنز بنائے، جن میں کپتان کمار سنگا کارا کے 37 گیندوں میں جارحانہ 78رنز شامل تھے۔ سنگا کارا مین آف دی میچ قرار پائے۔

جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 186رنز ہی بنا سکی۔ ایک اچھے آغاز کے باوجود بھارتی ٹیم ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے 11چوکوں کی مدد سے محض 26 گیندوں میں 55 رنز بنائے تاہم مڈل آرڈر میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی، یووراج سنگھ، روہت شرما اور یوسف پٹھان خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام رہے۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
بھارتی کپتان مہندا سنگھ دھونی کے بقول بری فیلڈنگ ہار کا سبب بنیتصویر: AP

شکست کے بعد بھارتی کپتان دھونی نے کہا کہ اُن کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت سارے کیچ چھوڑے۔ سن 2007ء میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم آجکل اس فارمیٹ میں مسلسل بری طرح سے ناکام ہو رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گزشتہ دس میچوں میں سے بھارت کو سات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ناگپور میں ہار بھارت کی لگاتار ساتویں شکست تھی۔ بھارت نے گزشتہ دس میچوں میں جو تین جیتے ہیں، اُن میں سے دو کمزور بنگلہ دیش جبکہ ایک نو آموز آئرلینڈ کے خلاف جیتا ہے۔

دھونی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اُن کی ٹیم اس فارمیٹ کو ون ڈیئز کے لئے تیاری کے روپ میں دیکھتی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ بارہ دسمبر کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مبنی ون ڈے سیریز شروع ہوگی۔

رپورٹ : گوہر نزیر گیلانی

ادارت : شادی خان سیف