1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

CeBiT 2010 چند نئی مصنوعات اور ایجادات

15 مارچ 2010

کمپیوٹر کی دنیا کی سب سے بڑی نمائش CeBiT 2010 میں موجود چار ہزار سے زائد کمپنیوں کے اسٹال موجود تھے۔ ان کمپنیوں کی طرف سے پیش کردہ بے شمار مصنوعات اور ایجادات میں سے بعض لوگوں کے لئے بہت زیادہ دلچسپی لئے ہوئی تھیں.

https://p.dw.com/p/MQe7
تصویر: DW/Rolf Wenkel

گھر میں ہی تھری ڈی سینما

معروف کمپیوٹر کمپنیAcer کی جانب سے تھری ڈائمینشنل یعنی تھری ڈی فلمیں دیکھنے کے لئے ایک جدید سسٹم متعارف کروایا گیا۔ ایسرکے مطابق H5360 نامی یہ سسٹم ایسے افراد کے لئے خصوصی دلچسپی لئے ہوئے ہے جو اواتار جیسی بلاک بسٹر فلمیں تھری ڈی فارمیٹ میں دیکھنے کی خواہش تو رکھتے ہیں مگر اس مقصد کے لئے سینما ہاؤس جانا پسند نہیں کرتے۔ H5360 سسٹم کو آپ ایک ایسے کمپیوٹر سے منسلک کرسکتے ہیں جس میں خصوصی گرافک کارڈ لگا ہو۔ پھر آپ ایک خاص عینک لگا کر اپنی دیوار پر لگی کسی بھی سائز کی اسکرین پر تھری ڈی فلموں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

CeBIT 2010 Highlight Tour Flashgalerie
ایسر کمپنی کے H5360 سسٹم کو آپ خصوصی گرافک کارڈ لگے کسی بھی کمپیوٹر سے منسلک کرسکتے ہیں اور ایک خاص عینک لگا کر اپنی دیوار پر لگی اسکرین پر تھری ڈی فلموں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔تصویر: ceBIT.de

تھری ڈی تصاویر لینا اب آسان تر

اور لیجئے اب آپ خود بھی تھری ڈی تصاویر لے سکتے ہیں۔ گھر میں کسی کی سالگرہ ہو یا آپ مناظر کو اپنے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کرنا چاہتے ہوں، بہت جلد آپ سہ جہتی تصاویر اتارنے کے قابل ہوجائیں گے۔ فیوجی فلم الیکٹرونکس نے CeBiT 2010 میں ایک جدید کیمرہ FinePix Real 3D W1 متعارف کروایا ہے۔ فیوجی فلم کے مطابق اسے کوئی بھی شخص نہایت آسانی سے استعمال کرسکتا ہے۔

اس کیمرے میں دو لینز لگے ہوئے ہیں جو تھری ایکس اوپٹیکل زوم کے حامل ہیں۔ یہ دونوں لینز ایک ہی منظر کی ایک ہی وقت میں زاویے کے تھوڑے سے فرق کے ساتھ دو الگ الگ تصاویر لیتے ہیں۔ لی گئی تصویر کو آپ اس کیمرے میں لگی خصوصی تھری ڈی LCD اسکرین پر فوری طور پر دیکھ بھی سکتے ہیں۔ اس کے لئے آپ کو کسی خصوصی عینک یا کسی دیگر Accessory کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ FinePix Real 3D W1 کیمرے کے ذریعے آپ کم دورانیے کی تھری ڈی فلمیں بھی شوٹ کرسکیں گے۔

Flash-Galerie Deutschland Messe CeBIT 2010 in Hannover Fraunhofer Institut
بجلی کے بل پر قابو پانے کے لئے جرمن تحقیقی ادارے فراؤن ہوفر انسٹیٹیوٹ کی طرف سے خصوصی سوفٹ ویئر پیش کیا گیا۔تصویر: picture alliance / dpa

بجلی کا بل اب آپ کے قابو میں

اور لیجیے بجلی کے زیادہ بل سے پریشان لوگوں کے لئے جرمن تحقیقی ادارے فراؤن ہوفر انسٹیٹیوٹ نے ایک انوکھا سوفٹ ویئر پیش کیا ہے۔ فراؤن ہوفر انسٹیٹیوٹ فار ایکسپیریمنٹل سوفٹ ویئر انجینیئرنگ کا تیار کردہ یہ سوفٹ ویئر دراصل کسی بھی عام کمپیوٹر پر انسٹال ہوسکتا ہے۔ جس میں آپ بجلی کے استعمال کے بارے میں ترجیحات اور ضابطوں کا تعین خود کرسکتے ہیں، مثلاﹰ آپ ایئرکنڈیشنر یا ہیٹر کا درجہ حرارت طے کرسکتے ہیں۔ اسی طرح سے بجلی سے چلنے والی دیگر اشیا کے بارے میں بھی ترجیحات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ ایک دوسری صورت یہ بھی ہے کہ آپ اس سوفٹ ویئر کو بتا دیں کہ آپ زیادہ سے زیادہ کتنا بجلی کا بل ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ایسی صورت میں یہ سوفٹ ویئر خود ہی کیلکولیٹ کر لے گا کہ گھر کی روشنیوں اور دیگر اشیا کوبہتر سے بہتر انداز میں کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سوفٹ ویئر بجلی فراہم کرنے والی کمپنی سے بجلی کی قیمت کے بارے میں تازہ ترین تفصیلات بھی خود ہی حاصل کرتا رہے گا۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : مقبول ملک