Cannes چیرٹی شو میں صرف 45 لاکھ ڈالر
23 مئی 2009گذشتہ سال اِس چیرٹی شو کی کمپیئرنگ اور میزبانی ہالی وُڈ کی نامور اداکارہ شیرن سٹون نے کی تھی اور مہلک مرض ایڈز پر تحقیق کی امریکی فاؤنڈیشن کے لئے دَس ملین ڈالر اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔ تب اُنہوں نے ہالی وُڈ کی ماضی کی مشہور اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی قائم کردہ اِس فاؤنڈیشن کو زیادہ سے زیادہ رقم فراہم کرنے کے لئے اپنی پورشے 911 گاڑی کی بولی بھی لگائی تھی اور اُسے نیلام کر دیا تھا۔
اِس بار اِس شو کی میزبانی سابق صدر بل کلنٹن نے کی اور اگرچہ اِس بار شیرن سٹون نے بھی اُن کا ساتھ دیا لیکن گذشتہ سال کی رقم کا نصف حصہ بھی اکٹھا کرنے میں کامیابی نہ ہو سکی۔ بل کلنٹن نے اپنی تقریر میں یہ کہا کہ اگرچہ عالمگیر مالیاتی بحران کے نتیجے میں گذشتہ سال ستمبر اور اِس سال فروری کے درمیانی عرصے میں تیس ٹرلین ڈالر کی رقم ڈوب گئی لیکن وہ جانتے ہیں کہ پھر بھی اِس شو میں موجود افراد کرہء ارض پر موجود 99,9 فیصد لوگوں سے بہتر ہیں۔ تاہم اُن کی اِس طرح کی اپیل کے باوجود جمعرات کی شام منعقدہ شو میں محض کوئی 4,5 ملین ڈالر جمع ہو سکے۔
اِس بار بل کلنٹن نے، جو بڑے شوق سے سیکسو فون بجاتے ہیں، اپنے اِس ساز پر اپنے دستخط ثبت کرتے ہوئے اِس کی بولی لگائی، جسے ایک چاہنے والے نے ایک لاکھ تیس ہزار یورو میں خرید لیا۔ یہ رقم امریکی ایڈز فاؤنڈیشن اور کلنٹن گلوبل انیشی ایٹو میں برابر برابر تقسیم ہو گی۔ ٹینس کے میدان کی مایہ ناز کھلاڑی خواتین مونیکا سیلیش اور ژیلینا ژانکووِچ کے ہاں ٹینس سیکھنے کے ایک تربیتی گھنٹے کی قیمت ایک شوقین شخص نے 35 ہزار یورو لگائی۔
اِس شو میں مجموعی طور پر کوئی سات سو مہمان شریک تھے۔ اسٹیج کے قریب دَس افراد کی ایک میز کے لئے آرمانی، شانیل اور ڈِیور جیسے فیشن ہاؤسز نے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ یورو ادا کئے۔ اِن مہمانوں میں معروف جرمن ماڈل کلاؤڈیا شفر، امریکی سوشلائٹ پیرس ہلٹن، ہالی وُڈ کے سٹار فلمساز ہاروے وائن شٹائن اور برطانوی ماڈل الزبتھ ہرلی بھی شامل تھیں۔ برطانوی بینڈ یوردمکس کی گلوکارہ اَینی لینوکس نے خاص طور پر مدعو کی گئی فنکارہ کے طور پر اِس شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔