1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

92 سالہ مہاتیر محمد، دنیا کے معمر ترین منتخب رہنما

10 مئی 2018

ملائیشیا کے انتخابات میں بانوے سالہ مہاتیر محمد کے اتحاد نے حکومتی اتحاد کو شکست دے دی ہے۔ سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد آج ایک مرتبہ پھر ملکی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا کر دنیا کے معمر ترین منتخب رہنما بھی بن جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/2xTWh
Malaysia | Malaysia Wahlsieger Mahathir Mohamad
تصویر: picture-alliance/AP Photo/V. Thian

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعتوں نے ملائیشیا کے قومی انتخابات میں ساٹھ سال سے بلاتعطل برسراقتدار جماعت باریسان نیشنل پارٹی کو شکست دے کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ ملائیشین وزیر اعظم نجیب رزاق کی جماعت باریسان نیشنل سن 1957 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے ملائیشیا میں برسراقتدار تھی۔

ملائیشیا میں الیکشن، رزاق کا مقابلہ مہاتیر سے

حالیہ عرصے کے دوران نجیب رزاق پر بدعنوانی اور اقربا پروری کے الزامات کے باعث ان کی جماعت کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی تھی۔ مہاتیر محمد بائیس برس تک ملائیشیا کے وزیر اعظم رہنے کے بعد سیاست سے کنارہ کش ہو چکے تھے لیکن انہوں نے سیاست میں واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملکی اپوزیشن اتحاد کی قیادت سنبھالتے ہوئے رزاق کے خلاف انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اب تک کے نتائج کے مطابق مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعتوں نے گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں 121 نشستیں حاصل کر لی ہیں، جب کہ حکومت بنانے کے لیے انہیں 112 نشستیں درکار تھیں۔ دوسری جانب باریسان نیشنل کو محض 79 نشستیں حاصل ہو سکیں جب کہ گزشتہ انتخابات میں اسے 133 نشستیں حاصل تھیں۔

انتخابات میں کامیابی کے باوجود ملائیشیا کے بادشاہ نے حسب روایت فوری طور پر مہاتیر کو حلف اٹھانے کی دعوت نہیں دی تھی جس کے بعد سیاسی بے یقینی کی صورت حال پیدا ہوئی۔ تاہم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ یہ تاخیر کچھ آئینی شقوں کی وضاحت نہ ہونے کے باعث پیدا ہوئی تھی۔ بانوے سالہ مہاتیر آج مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا کر دنیا کے معمر ترین منتخب سربراہ حکومت بن جائیں گے۔

دوسری جانب نجیب رزاق نے انتخابات کے نتائج قبول کرتے ہوئے شکست تسلیم کر لی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران انتخابی نتائج سے مایوسی رزاق کے چہرے پر نمایاں تھی تاہم ان کا کہنا تھا، ’’میں عوام کے فیصلے کو تسلیم کرتا ہوں اور میری جماعت جمہوریت کے اصولوں پر کاربند ہے۔‘‘

ش ح / ا ا (ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)

مہاتیر محمد ملائیشین وزارت عظمیٰ کے امیدوار نامزد