1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

61 واں برلینالے فلم فیسٹیول ، تیاریاں عروج پر

9 فروری 2011

آئندہ روز یعنی جمعرات کو اس بار کے بین الاقوامی فلمی میلے برلینالے کا آغاز ہوگا۔ اس بار کی افتتاحی فلم True Grit کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/10DrH
تصویر: dapd

مالیاتی بحران ہو یا چرنوبل نیوکلیئر حادثہ یا پھر جرمنی میں تارکین وطن کے مسائل اور یہاں کے قوانین کا موضوع، جرمن دارالحکومت میں ہر سال منعقد ہونے والا بین الاقوامی فلمی میلہ برلینالے ہمیشہ اپنی یہ پہچان برقرار رکھتا ہے کہ اس میں ہر طرح کے موضوعات پر بننے والی فلمیں لاکھوں شائقین کو محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

برلینالے فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلیک کی ہر سال ہی یہ جان توڑ کوشش ہوتی ہے کہ فلمی دنیا سے شغف رکھنے والوں کی غیر معمولی دلچسپی کا باعث بننے والے برلینالے میں سب ہی کچھ شامل ہو تاہم ایک خوبصورت توازن کے ساتھ۔ مثلاً ریڈ کارپیٹ پر نمودار ہونے والے ہالی ووڈ کے بڑے بڑے ستاروں کی فلموں سے لے کر نجی طور پر بنائی گئی فیچر فلمیں سب ہی اس میلے میں چار چاند لگانے کا باعث بنتی ہیں۔

Flash-Galerie Berlinale Filmfestspiele Dieter Kosslick 2006
برلینالے فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈیٹو کوسلیکتصویر: AP

آئندہ روز یعنی جمعرات کو اس بار کے بین الاقوامی فلمی میلے برلینالے کا آغاز ہوگا۔ اس بار اس کی افتتاحی فلم True Grit کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ ہالی ووڈ کی یہ فلم گرچہ 38 ملین ڈالرز میں بنی ہے تاہم ہالی ووڈ کے معیار کے مقابلے میں یہ نہایت خاکسار رقم ہے۔ اس کے بارجود فلموں کے رسیا بے چینی سے جیف بریجز اور میٹ ڈیمن کی اس فلم کا انتظار کر رہے ہیں۔

برلینالے فلم فیسٹیول نے یہ کوشش کی ہے کہ اس بار معمول کی گلیمر اور چمک دمک والی ہالی ووڈ فلموں پر ہاتھ ذرا ہلکا ہی رکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ آرٹ فلموں کو جگہ دی جائے۔ یہی فلمیں اس سال گولڈن بئیر کے مقابلے میں شامل ہوں گی۔

امریکہ میں یورپی ری میک فلموں کو تھیٹرز سے پہلے ہی دور کر دیا گیا ہے تاہم یہ فلمیں اسی ماہ یعنی فروری کے آخر میں آسکر ایوارڈز میں شامل کی جائیں گی۔

Flash-Galerie Berlinale 2011 Jury plus Jan Chapman und Jafar Panahi Flash-Galerie NEU
اس سال کے برلینالے کی جوری

اس بار کے برلینالے کے آغاز کے دوسرے روز جے سی چندور کی حقیقی زندگی سے نزدیک لائف ڈرامہ ’ مارجن کال‘ شائقین کی دلچسپی کا باعث بنے گی، جس میں 2008 ء کے عالمی مالیاتی بحران کے موضوع کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ جبکہ کیون اسپیسی اور ڈیمی مور جیسے بڑے نامور اداکاروں کی کار کر دگی شائقین دیکھ سکیں گے ’ وال اسٹریٹ تھرلر‘ میں۔

دس روزہ فلم فیسٹیول برلینالے میں اس بار آمریت جیسے سیاسی موضوع پر بننے والی فلم بھی دکھائی جائے گی۔ ارجنٹائین کے فوجی آمریت کے دور کے بارے میں بننے والی فلم ’ دی پرائز‘ میں ایک سات سالہ بچی کی اداکاری دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے، جواپنی فیملی کو ظلم و جبر سے بچانے کے لیے ایک بہت بڑا راز اپنے اندر چھپائے رہتی ہے۔

اس بار فرانسیسی ہدایت کار میشل اوسیلو کی 3D فلم ’ ٹیلز آف دا نائٹ‘ بھی مقابلے کی فلموں میں شامل ہوگی۔

برلینالے کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلیک نے کہا ہے کہ 61 واں فلمی میلہ 60 ویں یعنی گزشتہ برس کے میلے کے مقابلے میں چھوٹا ہوگا تاہم اس بار کا برلینالے زیادہ حوصلہ مند اور قوی ثابت ہوگا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں