1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2011ء میں زیادہ ورزش، متوازن خوراک: جرمنی میں سروے

29 دسمبر 2010

سال کے آخری دنوں میں دُنیا بھر کے باشندے اگلے سال کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ جرمنی میں کئے جانے والے ایک حالیہ سروے میں زیادہ تر شہریوں کا یہ کہنا تھا کہ اگلے سال کے دوران وہ اپنی صحت کا زیادہ خیال رکھنے کی کوشش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/zr1s
تصویر: AP

اِس سروے میں شریک ہر دَس جرمن مردوں اور عورتوں میں سے سات کا کہنا یہ تھا کہ اگلے سال کے دوران زیادہ ورزش کریں گے اور زیادہ متوازن خوراک کھانے کی کوشش کریں گے اور اِس طرح اپنی صحت پر زیادہ توجہ دینے کی کوشش کریں گے۔ ایک جرمن جریدے کی جانب سے کئے جانے والے اس سروے میں شریک 71 فیصد جرمنوں کا کہنا تھا کہ اِس طرح ایک اچھا مقصد اُن کے سامنے ہے۔

Frau im Fitness-Studio
نئے سال میں لوگ زیادہ ورزش کرنے کا بھی سوچ رہے ہیںتصویر: www.BilderBox.com

سروے کے 26.5 فیصد شرکاء نے بتایا کہ وہ نئے سال میں جاگنگ، پیراکی یا پھر ورزش کرتے ہوئے کچھ ایسا کرنے کی کوشش کریں گے، جس سے جسم کو متحرک رکھا جا سکے۔ تقریباً اتنے ہی جرمن شہریوں نے یہ کہا کہ وہ نئے سال میں کوشش کریں گے کہ زیاہ غصے میں نہ آئیں اور ’ہمیشہ پُر سکون رہیں‘۔

21.7 فیصد یعنی سروے میں شریک ہر پانچویں فرد نے یہ بھی کہا کہ جنوری کے مہینے سے وہ زیادہ صحت بخش اور متوازن خوراک کھانے کی کوشش کرے گا اور ہر وقت کام کرتے رہنے کی بجائے خود کو آرام اور سکون کے بھی وقفے دے گا۔ ہر دسویں فرد کے مطابق اُس نے نئے سال میں اِس بات کا بھی پختہ عزم کر رکھا ہے کہ وہ رات کو جلدی ہی بستر میں چلا جایا کرے گا تاکہ ذرا زیادہ نیند لے سکے۔

Vater bringt Kind das Schwimmen bei
ایک باپ بیٹے کو پیراکی سکھا رہا ہےتصویر: Bilderbox

نئے سال کے دوران اپنی صحت پر زیادہ توجہ دینے والے شرکاء میں سب سے زیادہ تعداد اُن شہریوں کی رہی، جن کی عمریں پچاس تا اُنسٹھ سال ہیں۔ اِس کے برعکس نو عمروں یا پھر ستر سال سے زیادہ کے بزرگوں نے صحت کے لئے اضافی کوششیں کرنے کے بارے میں زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ نہیں کیا۔

اگرچہ اِس نمائندہ سروے میں شریک جرمن مردوں اور عورتوں دونوں ہی نے یہ کہا کہ وہ زیادہ ورزش کرنے کا سوچ رہے ہیں لیکن عورتوں نے ساتھ ہی اِس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنا وزن کم کریں گی۔ اِس کے برعکس جرمن مردوں نے زیادہ صحت بخش خوراک کھانے میں تو دلچسپی ظاہر کی لیکن وزن کم کرنے کے بارے میں جوش و خروش کم ہی دکھایا۔ مردوں میں البتہ یہ رجحان زیادہ دیکھا گیا کہ نئے سال میں وہ اپنی تمباکو اور شراب نوشی یا ایسی ہی دیگر عادات کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت:عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں