1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

11 امریکی ریاستوں کی اوباما کے خلاف قانونی کارروائی

افسر اعوان26 مئی 2016

ریاست ٹیکساس کے علاوہ 10 مزید امریکی ریاستوں نے صدر باراک اوباما کی طرف سے ٹرانس جینڈرز یا خواجہ سراؤں کے لیے باتھ روم استعمال کرنے سے متعلق ہدایات کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IunU
تصویر: Reuters/C. Barria

گیارہ امریکی ریاستوں کی طرف سے اوباما انتظامیہ کے خلاف عدالتی چارہ جوئی بدھ 25 مئی کو کی گئی ہے۔ یہ چارہ جوئی دراصل حکومت کی طرف سے امریکی سرکاری اسکولوں میں ٹرانس جینڈر طلبہ کو ان کی مرضی کے مطابق باتھ رومز اور لاکر رومز تک رسائی دیے جانے کی ہدایات کے خلاف کی گئی ہے۔

ٹیکساس کے علاوہ جن دیگر 10 ریاستوں نے ان ہدایات کو عدالت میں چیلنج کیا ہے ان میں اوکلاہوما، الاباما، وِسکونسن، ویسٹ ورجینیا، ٹیننسی، مَین، لوئزیانا، یوٹاہ اور جورجیا شامل ہیں۔ اس مقدمے میں صدر اوباما پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ پالیسیوں پر اپنی مرضی تھوپ رہے ہیں جس کی وجہ سے طلبہ کے لیے خطرات پیدا ہوئے ہیں کیونکہ اس طرح ٹرانس جینڈر لوگوں کو اس بات کی اجازت مل جائے گی کہ وہ جو چاہیں باتھ روم استعمال کریں۔

گزشتہ ماہ اوباما انتظامیہ کی طرف سے یہ ہدایات جاری کی گئی تھیں اور اِن کے اجراء کے بعد امریکا بھر میں بحث چھڑ گئی۔ ان ہدایات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے والی ریاستوں کو امید ہے کہ جج ان حکومتی ہدایات کو غیر قانونی قرار دے دے گا۔

اوباما انتظامیہ کی طرف سے ٹرانس جینڈر طلبہ کو ان کی مرضی کے مطابق باتھ تک رسائی دینے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں
اوباما انتظامیہ کی طرف سے ٹرانس جینڈر طلبہ کو ان کی مرضی کے مطابق باتھ تک رسائی دینے کی ہدایات جاری کی گئی تھیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Machado

بہت سی ریاستوں کا ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ

بہت سی امریکی ریاستوں نے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مثلاﹰ ٹیکساس کے گورنر نے تو یہاں تک کہا ہے کہ ان کی ریاست اس فیصلے پر عمل کرنے کی بجائے 10 بلین ڈالرز کا نقصان کرنے کو ترجیح دے گی۔

امریکا کے محکمہ انصاف اور محکمہ تعلیم کی طرف سے یہ ہدایات نارتھ کیرولیناا ریاست کے جسٹس ڈیپارٹمنٹ اور ریاستی انتظامیہ کے درمیان ایک قانون پر تنازعے کے بعد سامنے آیا تھا۔ اس قانون کے مطابق یہ لازمی قرار دیا گیا تھا کہ ٹرانس جینڈر یا خواجہ سرا افراد صرف وہی پبلک باتھ رومز استعمال کر سکتے ہیں جو ان کے پیدائش کے سرٹیفیکیٹ پر درج ان کی جِنس کے مطابق ہو۔

اس قانون کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اس سے خواتین اور بچوں کے خلاف خطرات بڑھ جائیں گے جبکہ اس قانون کے حامیوں کے مطابق اس کا مقصد ٹرانس جینڈر افراد کو امتیازی سلوک سے بچانا ہے۔