1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

100 ویں برلن ایئر شو میں ریکارڈ آرڈرز

9 جون 2010

منگل آٹھ جون سے جرمن دارالحکومت برلن میں فضائی اور خلائی سفر کی ایک سو ویں بین الاقوامی نمائش شروع ہوئی ہے، جس میں دُنیا کے تقریباً پچاس ملکوں سے آئے ہوئے ایک ہزار ایک سو پچاس سے زیادہ نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Nlv8
تصویر: AP

یہ تجارتی نمائش، جس میں اربوں ڈالر مالیت کے طیاروں کے سودے ہو رہے ہیں، اتوار، تیرہ جون تک جاری رہے گی۔ ایک سو ویں برلن ایئر شو میں ڈھائی لاکھ مربع میٹر رقبے پر دنیا کے فضائی اور خلائی سفر سے متعلق تمام بڑے بڑے اور اہم ادارے مختلف قسم کے طیارے، ہیلی کاپٹر اور نِت نئی ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہے ہیں۔ کل اِس نمائش کے آغاز پر ہی دبئی میں قائم عرب فضائی کمپنی الامارات نے یورپی طیارہ ساز ادارے ایئر بس کو اے 380 طرز کے اکٹھے بتیس سُپر جمبو طیاروں کا آرڈر دیا، جس کی مالیت گیارہ اعشارہ پانچ ارب ڈالر بنتی ہے۔ غیر فوجی فضائی سفر کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا آرڈر ہے۔

Luftfahrtmesse ILA Schönefeld Berlin Flughafen Flugshow Flash-Galerie
الامارات کا یہ طیارہ برلن ایئر شو میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہےتصویر: AP

برلن کی تجارتی نمائش آئی ایل اے میں اے 380 طرز کے چار جیٹ انجنوں والے اکٹھے دو طیارے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایک جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کا وہ طیارہ، جو فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی جرمن قومی فُٹ بال ٹیم کو حال ہی میں جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ چھوڑ کر آیا ہے اور دوسرا عرب فضائی کمپنی الامارات کا گیارہواں سُپر جمبو، جو اِسی تجارتی نمائش کے موقع پر اُس کے حوالے کیا گیا ہے۔ اِن دیو ہیکل طیاروں کو دیکھ کر جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی دم بخود رہ گئیں، جنہوں نے کل منگل کی دوپہر اِس نمائش کا افتتاح کیا تھا۔

میرکل نے کہا:’’ہمارے پیچھے یہ جو کچھ نظر آ رہا ہے، یہ اُس شاندار ترقی کی ایک مثال ہے، جس میں جرمنی نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے اور جو بہت سے ممالک کے باہمی تعاون کی بھی ایک درخشاں مثال ہے۔ یہاں ہم جو کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ درحقیقت اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے۔‘‘

اِس تجارتی نمائش میں ہمیشہ کی طرح اِس بار بھی سب سے زیادہ بھرپور نمائندگی یورپی کمپنی ایئر بس کی ہے، جو اِس سال پہلی مرتبہ اپنے فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اے 400 کی بھی نمائش کر رہی ہے۔

Deutschland Luftfahrt Lufthansa Angela Merkel Airbus A380 bei ILA in Berlin
برلن ایئر شو کا افتتاح کرنے و الی جرمن چانسلر انگیلا میرکل ایئر بس اے 380 کے ایک ماڈل کے ساتھتصویر: AP

اِس موقع پر منعقد کی گئی ایک نمائش میں جرمنی اور امریکہ کے تاریخی فوجی طیارے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایئر شو کے ڈائریکٹر سٹیفان گریو کہتے ہیں کہ یہاں ہر شخص کی دلچسپی کا سامان موجود ہے:’’یہاں آپ قدیم اور جدید دونوں طرح کی ٹیکنالوجی کے نمونے دیکھ سکتے ہیں۔ جمعے اور ہفتے کو یہاں کیریئر سینٹر کھولا جائے گا، جو خاص طور پر اپنے آئندہ پیشے کے انتخاب میں دلچسپی رکھنے والے زیرِ تربیت نوجوان لوگوں کے لئے ہے۔ یہاں مختلف ہالز میں نت نئی ٹیکنالوجی دیکھنے کا شوق رکھنے والے افراد کی دلچسپی کے لئے بہت کچھ موجود ہے۔‘‘

جرمنی میں ایئر شو کی تاریخ ایک سو برس سے بھی زیادہ پرانی ہے۔ پہلا ایئر شو سن 1909ء میں شہر فرینکفرٹ میں منعقد ہوا تھا جبکہ سن 1912ء سے اِس کا اہتمام برلن میں کیا جانے لگا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد تیس سال سے زیادہ عرصے تک یہ نمائش ہینوور میں سجتی رہی، یہاں تک کہ جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے بعد سے اِسے پھر سے برلن منتقل کر دیا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق اتوار کو اِس نمائش کے آخری روز تک اِسے دو لاکھ تک تماشائی دیکھ چکے ہوں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک