1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

سائنس اور ماحول

گھوڑوں کی قدیم ترین نسلیں گھاس نہیں کھاتی تھیں

گھوڑوں کی مختلف قسموں کے دانتوں کے کروڑوں سال پرانے نمونوں کے تحقیقی مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان چوپایوں کی قدیم ترین نسلیں گھاس نہیں بلکہ زیادہ تر پھل کھاتی تھیں۔

default

جدید دور کے گھوڑوں کے دانت زیادہ چوڑے اور تیز ہوتے ہیں

تحقیقی جریدے ’سائنس‘ میں چھپنے والی امریکی ماہرین کی ایک تازہ ریسرچ کے نتائج کے مطابق 55 ملین سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل زمین پر موجود گھوڑوں کے دانتوں کی fossils کی شکل میں ملنے والی انتہائی قدیم باقیات کے مطالعے سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان جانوروں کے منہ میں خوراک کو چبانے والے تیز دانت نہیں ہوتے تھے۔ اسی لیے گھوڑوں کی مختلف نسلوں کے یہ قدیم ترین جانور زیادہ تر ایسے پھل یا سبزیاں کھاتے تھے، جن میں گودا زیادہ ہوتا تھا۔

BdT Deutschland Wildpferd in Dülmen

گھوڑا روایتی طور پر انسان دوست اور بڑا وفادار جانور تصور کیا جاتا ہے

ریسرچ جرنل Science میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق کے مطابق خشکی پر رہتے ہوئےاور کئی ملین سال کا سفر طے کرنے کے بعد گھوڑوں نے اپنی غذائی عادات میں تبدیلی کا عمل اس طرح مکمل کیا کہ تب وہ بتدریج گھاس بھی کھانے لگے تھے۔

امریکی ماہرین حیاتیات کے مطابق غذا کو چبانے کے لیے استعمال ہونے والے زیادہ بڑے اور تیز دانتوں تک کا ارتقائی سفر زیادہ تر ان جانوروں کی رہائش گاہوں کے قدرتی ماحول اور تاریخی تبدیلیوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔

BdT Pferde im Schnee im Allgäu

کروڑوں سال پہلے گھوڑا گھاس نہیں کھاتا تھا بلکہ گھاس کا دوست تھا

نیویارک کے انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایک ماہر اور اس تحقیق کے شریک مصنف میتھیو میل بیشلر کے مطابق انہیں اور ان کے ساتھی محققین کو گھوڑوں کے دانتوں کی ساخت کے مطالعے کے دوران بہت سی ایسی ارتقائی تبدیلیوں کے شواہد ملے، جن کے مطابق ان چوپایوں نے اپنی غذائی عادات میں تبدیلی کا عمل تقریباﹰ ایک ملین برس قبل مکمل کر لیا تھا۔

اس تحقیق کے دوران ماہرین نے بر اعظم شمالی امریکہ میں گھوڑوں کی 70 سے زائد ناپید اقسام کے نمائندہ 6500 سے زائد جانوروں کے دانتوں کے ان نمونوں کا معائنہ کیا جو کروڑوں برس گزر جانے کے بعد اب صرف ’فوسلز‘ کی حالت میں ہی ملتے ہیں۔ ان ماہرین کے مطابق انہیں 55.5 ملین سال پہلے کے زمانے کی، زمین پر گھوڑوں کی جس اولین قسم کی باقیات ملی ہیں، وہ صرف پھل اور سبزیاں ہی کھاتی تھی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

DW.COM

ویب لنکس