1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

کرد تنازعہ پر ترک فلم باکس آفس پر ’سپر ہٹ‘

کسی بھی سیاسی تنازعے کے مختلف پہلو اور وجوہات جاننے کے لئے ادب کا ایک اہم کردار ہوتا ہے۔ ترکی کے سنیما نے پہلی مرتبہ ملک میں پچیس سال سے جاری کرد تنازعے پر ایک فلم بنائی، جو ’باکس آفس‘ پر زبردست ’ہٹ‘ ثابت ہوئی ہے۔

default

مسلح تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کی رکن ہلال کردستانی پہاڑ پر قائم ایک تربیتی کیمپ میں

علٰیحدگی پسند اور مزاحمتی تحریکوں میں شاعری، تھیئٹر اور سنیما بھی اپنا کردار نبھاتے ہیں۔ ’بریتھ: لانگ لِو دی مدرلینڈ‘ یعنی ’سانس: زندہ باد مادر وطن‘ نامی اس فلم نے ہالی وُڈ ’بلاک بسٹرز‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس فلم کی مقبولیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ترک فوج اور امن پسند گروہوں کی جانب سے بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

گزشتہ دوماہ کے دوران ترکی میں اس فلم کو تقریباً 24 لاکھ افراد نے دیکھا ہے۔ اسی لئے اس بات میں کوئی حیرت نہیں کہ اس وقت یہ فلم ترک ’باکس آفس‘ پر تیسری پوزیشن پر قائم ہے۔ فلم ’بریتھ: لانگ لِو دی مدرلینڈ‘ نے چھٹی ’ہیری پاٹر‘ فلم کو بھی پیچھے دھکیل دیا ہے۔

Einmarsch türkischer Truppen im kurdischen Teil Iraks

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ ہی حب الوطنی کے جذبے اور نہ ہی فوجیوں کو ہیرو کے طور پر دکھایا گیا ہے بلکہ اس میں گزشتہ پچیس سال سے جاری کُرد تنازعے اور سڑکوں پر روز مرہ کے تشّدد اور اس کے اثرات پر زیادہ دھیان دیا گیا ہے۔ یہ فلم اس گرما گرم بحث کا بھی حصہ ہے، جس میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ آخر غلطی کہاں ہوئی اور کس طرح خون خرابے پر قابو پایا جا سکتا ہے؟

فلم پر تبصرہ کرنے والے بعض ناقدین کے مطابق ’بریتھ: لانگ لِو دی مدرلینڈ‘ ترک سنیما کی پہلی جنگ مخالف فلم ہے۔ ناقد عطیلا دورسے نے کہا کہ لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر تنازعے کے دوران ان کے بچوں، بھائیوں، رشتہ داروں اور ہم وطنوں کو کن کن مشکلات سے گزرنا پڑا۔’’یہ فلم لوگوں کے جذبات کو چھورہی ہے۔‘‘

ہدایت کار Levent Semerci کی اس فلم میں سن 1990ء میں ایک فوجی چھاوٴنی کے اندر لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں اہم معلومات ملتی ہیں۔ انیس سو نوے کی دہائی میں ترک فوج اور علٰیحدگی پسند کردوں کے درمیان لڑائی اپنے عروج پر تھی۔

انقرہ حکومت اور مسلح کرد علٰیحدگی پسندوں کے درمیان گزشتہ پچیس برسوں سے جاری خونریز جھڑپوں میں اب تک 45 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ شورش کے دوران فریقین کی طرف سے حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیاں بھی ہوئی ہیں۔

Kino Al Najah in Bagdad

عراقی دارالحکومت بغداد کا ایک سنیما گھر

ترک فوج اس فلم کو اپنے نظریے سے دیکھ رہی ہے جبکہ امن کے حامی کارکن اسے اپنی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

اس فلم میں ایک فوجی دن میں ہی اپنی گرل فرینڈ کے بارے میں خواب دیکھتا ہے اور فوراً اس کے منہ سے یہ جملہ نکلتا ہے:’’میری محبت، تم ہی میری مادر وطن ہو۔‘‘ اپنی محبوبہ کے کانوں کے بالکل نزدیک اس سرگوشی کے ساتھ ہی یہ فوجی بیدار ہوجاتا ہے اور تنازعے کی اصل حقیقت اور تلخی سے واقف ہوجاتا ہے۔

ترکی میں ایک اور فلم "Iki Dil Bir Bavul" بھی بے حد پسند کی گئی ہے۔ گزشتہ آٹھ ہفتوں میں اب تک تقریباً 80 ہزار افراد اس فلم کو دیکھ چکے ہیں۔

ابھی حال ہی میں ترکی کی ایک عدالت نے کردوں کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر دی۔ اس پارٹی پر مسلح علٰیحدگی پسند کرد تنظیم ’کردستان ورکرز پارٹی‘ کے ساتھ گہرے روابط کا الزام عائد کیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد ترکی میں ایک بار پھر تشّدد بھڑک اٹھا۔

ایک اور فلم ہدایت کار ازگر دوگان کے مطابق کرد تنازعے پر روشنی ڈالنے کے لئے غیر جانبدار کوشش رائیگاں نہیں جائے گی تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسی سوچ کہ فلمیں زمینی حقائق کو تبدیل کر سکتی ہیں، گستاخی کی عکاسی کرتی ہے!

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک