1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے پہلا میڈل

پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا تمغہ جیت کر اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔ چاندی کا یہ تمغہ اظہر حسین نے پچپن کلو گرام ریسلنگ کے ایونٹ میں جیتا۔ دوسری طرف پاکستانی ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف میچ چار ایک سےجیت لیا۔

default

پاکستانی ریسلر اظہر حسین 55 کلوگرام کیٹیگری کے ریسلنگ مقابلے کے فائنل میں بھارتی پہلوان راجندر کمار سے ہار گئے۔ دفاعی چیمپیئن راجندرکمار نے اپنے اعزاز کا دفاع عمدہ طریقے سےکیا۔ راجندر کمار نے یہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں گیارہ پوائنٹس سے جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پاکستانی پہلوان اظہر حسین کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا، جو پاکستان کا ان مقابلوں میں ابھی تک پہلا میڈل ہے۔

تیسرے دن کھیلے گئے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے ملائیشیا کو چار ایک سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ میجر دیال چند سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک پاکستانی ہاکی ٹیم کمزور ٹیموں کو ہرا رہی ہے اور جیسے ہی اس کا مقابلہ آسٹریلیا جیسی عمدہ ٹیم سے ہوگا تو معلوم ہو گا کہ پاکستانی ہاکی کا معیار اصل میں کیا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے مداحوں کو ابھی تک مایوس ہی کیا ہے۔ حال ہی میں فرنچ

Indien Commonwealth Games

آسٹریلیا ابھی تک سب سے زیادہ تمغے جیتنے والا ملک ہے

اوپن ڈبل مقابلوں کے دوران دو ایونٹس میں فائنل تک پہنچنے والے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق مینز سنگل ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں آسٹریلوی کھلاڑی Matt Ebden سے شکست کھا چکے ہیں۔

میڈل ٹیبل کی صورتحال :

بھارت میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کا دستہ مجموعی طور پر اکیس گولڈ میڈل حاصل کر کے میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ میزبان ملک بھارت کے ایتھلیٹس نے گیارہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد دوسری اور برطانیہ نے چار گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے تیسرے دن کے اختتام تک آسٹریلیا مجموعی طور پر چھیالیس میڈل اپنے نام کر چکا ہے۔ جن میں اکیس سونے ، پندرہ چاندی اوردس کانسی کے میڈل شامل ہیں۔ مجموعی طور پر سب سے زیادہ تمغے جیتنے والا دوسرا ملک برطانیہ ہے، جس نے چھبیس تمغے جیتے ہیں۔ ان میں چھ سونے، گیارہ چاندی اورنو کانسی کے ہیں۔ بھارت ابھی تک اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارتی ایتھلیٹس نے تیسرے دن کے اختتام تک مجموعی طور پر چوبیس میڈل جیتے ہیں، جن میں گیارہ سونے، آٹھ چاندی اور پانچ کانسی کے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

DW.COM

ویب لنکس