1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

انگلینڈ میں کھیلی جانے والی کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کے لیے اس میچ میں فتح حاصل کرنا انتہائی ضروری تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کارڈف میں کھیلا جانے والا چیمپیئنز ٹرافی کا اہم میچ پاکستان نے ایک انتہائی سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی بالرز نے  49.2 اوورز میں سری لنکا کی پوری ٹیم کو 236 رنز پر آؤٹ کر دیا ہے۔ پاکستانی بالرز حسن علی اور جنید خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Pakistan Kricket Muhammad Amir (Getty Images/AFP/G. Guercia)

پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں اور ناقابل شکست اور انتہائی اہم 28 رنز بنائے

پاکستان کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 44.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے محض دوسرے میچ میں اوپننگ کرنے والے فخر زمان نے 50 رنز بنائے۔ میچ جیتنے میں کپتان سرفراز احمد کے ناقابل شکست 61 رنز نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اوپنر اظہر علی 34 رنز کے ساتھ تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے۔

میچ کا بہترین کھلاڑی پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو قرار دیا گیا۔

پاکستان اب اپنا سیمی فائنل بدھ 14 جون کو سوفیا گارڈنز کارڈِف میں میزبان ملک انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات 15 جون کو ایجباسٹن برمنگھم میں شیڈول ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 18 جون کو اوول گراؤنڈ لندن میں ہو گا۔