1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

پاکستانی میزائل حتف آٹھ کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے آج جمعہ 29 اپریل کو اپنے ایک اور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاکستانی فوج کے مطابق حتف آٹھ میزائل روایتی ہتھیاروں کے علاوہ جوہری ہتھیار بھی ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

default

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق حتف سیریز کے ’رعد‘ نامی اس کروز میزائل کی رینج 350 کلومیٹر سے زائد ہے اور یہ بالکل درست نشانے کو ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان کے مطابق یہ میزائل مکمل طور پر پاکستانی سائنسدانوں کی کاوش ہے۔

پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور صدر آصف علی زرداری کی طرف سے سائنسدانوں کو مبارکباد دی گئی ہے

پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور صدر آصف علی زرداری کی طرف سے سائنسدانوں کو مبارکباد دی گئی ہے

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل فضا سے فائر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس سے زمین اور سمندر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی پاکستانی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ کروز ٹیکنالوجی دنیا کے چند ہی ملکوں کے پاس ہے۔ بیان کے مطابق یہ میزائل کم بلندی پر زمین کی سطح کے ساتھ ساتھ پرواز کرتا ہے اور راڈار کی نظروں میں نہیں آتا۔

رعد آٹھ کے کامیاب تجربے پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی سائنسدانوں اور انجینئروں کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملک بھارت کی طرف سے وقتاﹰ فوقتاﹰ مختلف میزائلوں کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ ایٹمی صلاحیت کے حامل یہ دونوں ممالک 1947ء میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: کشور مصفطفٰی

DW.COM

ویب لنکس