1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

پاکستانی فوج کا ساٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

پاکستانی فوج کے مطابق فوجی آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب فوج کو اطلاع ملی کے ایک چینی انجینیئر عسکریت پسندوں کی حراست سے بھاگ نکلا ہے۔

default

فوجی آپریشن میں فضائی طاقت کا بھی استعمال کیا گیا

افواجِ پاکستان کے مطابق افغانستان سے ملحق شِمال مغربی صوبہ سرحد کے علاقے سوات میں ایک فوجی کارروائی میں اس نے ساٹھ طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق فوجی کارروائی میں فضائی طاقت کا بھی استعمال کیا گیا۔ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی اور فوج کا دعویٰ ہے کہ مزکورہ کارراوائی میں اس نے عسکریت پسندوں کے دو تربیتی کیمپوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔

پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب فوج کو اطلاع ملی کہ ایک مغوی چینی انجینیئر طالبان کی حراست سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

Präsidentenwahl in Pakistan - Zardari pixel

پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے حال ہی میں چین کا سرکاری دورہ کیا تھا اور اقتصادی مدد کے علاوہ انہوں نے چین سے سیکورٹی امور پر بھی تعاون طلب کیا تھا


طالبان کے ترجمان مسلم خان کے مطابق اگست میں اغوا کیے گئے دو چینی انجینیئروں کو سیکیورٹی کی وجہ سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا جس دوران ایک انجینیئر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

طالبان نے چینی انجینیئروں کی رہائی کے بدلے حکومت سے اپنے ایک سو چھتیس ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزکورہ چینی انجینیئروں کو انتیس اگست کو دیر کے علاقے سے طالبان شدّت پسندوں نے اغوا کیا تھا جہاں یہ انجینیئر ایک موبائل کمپنی کے ٹاور کی مرمّت کر رہے تھے۔ ان چینی انجینیئروں کو ان کے ڈرائور اور محافظ سمیت اغوا کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان انجینیئروں کی وڈیو غیر ملکی ویب سائٹ پر پیش کی گئی تھی۔

چینی حکومت پاکستان پر اپنے شہریوں کی بازیابی کے لیے دباؤ ڈالے ہوئے ہے۔ اس ضمن میں چینی حکومت کے لیک اہلکار نے بذاتِ خود طالبان رہنماؤں سے ملاقات بھی کی تھی جس میں طالبان نے چینی انجینیئروں کی رہائی کے بدلے اپنے ساتھیوں کو چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دفاعی اور خارجہ امور کے مبصرین کے مطابق پاکستان کے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستانی فوج کا حالیہ آپریشن حکومت کی جانب سے ان اغوا شدہ انجینیئروں کو بازیاب کرانے کی ایک کوشش ہے۔