1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

ٹی ٹوئنٹی: پاکستان جیتی بازی ہار گیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ کا سیمی فائنل میچ تین وکٹوں سے ہارگئی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 191 رنز بنائے تھے جو آسٹریلیا نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر بنا ڈالے۔

default

مائیکل ہسی فائل فوٹو

پاکستان کی یقینی جیت کو شکست میں بدلنے کا سہرا ویسے تو مجموعی طور پر تمام آسٹریلوی دستے کو جاتا ہے تاہم اس میں نمایاں کردار بتیس سالہ بلے باز ڈیوڈ ہسی کا تھا جنہوں نے سعید اجمل کے آخری اوور کی پانچ گیندوں پر بائیس رنز بنا ڈالے۔ ہسی نے بغیر آؤٹ ہوئے چھ بلند وبالا چھکوں اور تین چوکوں کے سہارے چوبیس گیندوں پر ساٹھ رنز بنائے اور کھیل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سینٹ لوسیا کے میدان پر آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

Kamran Akma

کامران اکمل

پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں کامران اکمل اور سلمان بٹ کی جوڑی اوائل کے دو اوورز میں محض تین رنز بناسکی تھی۔ اس کے بعد دونوں نے کھل کر سٹروک لگانا شروع کئے۔ سلمان بٹ تیس گیندوں پر بتیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کامران کے بھائی عمر اکمل میدان میں اترے۔

اکمل برادران نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور دونوں نے نصف سنچریاں بناڈالیں۔ کامران نے چونتیسں گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے پچاس جبکہ عمر نے پینتیس گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے چھپن رنز جوڑے اور مجموی اسکور کو 191 رنز تک پہنچادیا۔

جواباً آسٹریلوی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا، ان کے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شین واٹسن محض سولہ رن بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔ اس کے بعد کے اووروں میں بھی پاکستانی گیند بازوں اور فیلڈروں نے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھائے رکھا۔

T 20 Cricket World Cup 2010

انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے

تاہم چھٹے اور ساتویں نمبر پر کھیلنے والے کیمرون وائٹ اور مائیک ہسی رنز بنانے کے سلسلے میں تیزی لانے میں کامیاب ہوئے اور بات آخری تین اوورز میں اڑتالیس پھر آخری دو اوورز میں چونتیس اور اسی طرح آخری اوور میں اٹھارہ رنز تک آگئی۔

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے نے گیند ان فارم سپنر سعید اجمل کو تھما رکھی تھی۔ اجمل کی پہلی گیند پر مچل جانسن نے ایک رنز بناکر ذمہ داری ہسی کو منتقل کردی۔ اجمل کے اوور کی دوسری گیند کو بیک فٹ پر کھیلتے ہوئے ہسی نے اسے آن سائڈ پر باؤنڈری کے باہر پھینک کر چھ رنز لئے، اگلی گیند کا بھی ہسی نے یہی حشر کیا، اس طرح بات تین گیندوں پر محض پانچ رنز کے آسان ہدف تک آگئی۔ بیسویں اوور کی چوتھی گیند ہسی کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی آف سائڈ کی باؤنڈری کے پار ہوگئی اور اس کے بعد کی گیند کو اگلے قدم پر کھیلتے ہوئے ہسی نے ایک اور چھکا مار کر معاملہ نمٹادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر پینتیس رنز دے کر تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلوی ٹیم اتوار کو ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

DW.COM