1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا

انگلینڈ سری لنکا کو سات وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ پاکستان یا آسٹریلیا سے ہوگا۔

default

سینٹ لوسیا میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں سری لنکن بلے باز اپنی باری میں محض 128 رنز بناسکے۔ انگلش بلے بازوں کے لئے یہ ہدف کسی بھی حوالے سے مشکل دکھائی نہیں دے رہا تھا، بالخصوص جس انداز سے سری لنکن کھلاڑی فیلڈنگ کررہے تھے۔

اس میچ میں ٹاس سری لنکا کے قائد کمارا سنگا کارا نے جیتا تھا۔ 128 کے مجموعے تک پہنچنے میں نمایاں کردار دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز نے نبھایا۔ میتھیوز نے 45 گیندوں کا سامنا کیا، تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز اپنے جوہر نہ دکھا سکا کہ ٹیم کا مجموعی سکور قابل دفاع حد تک بڑھاسکے۔

Kumar Sangakkara

کمارا سنگا کارا

سری لنکن ٹیم نے اگرچہ محض چھ وکٹیں گنوائیں لیکن اصل مشکل انہیں کم سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے پیش آئی۔ سرفہرست انگلش گیند باز سٹیوورٹ بروڈ رہے، جنہوں نے چار اوورز میں 21 رنز دئے اور دو کھلاڑی آوٹ کئے۔

جواباً انگلینڈ نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو قسمت اور سری لنکن فیلڈر دونوں ہی ان پر مہربان دکھائی دئے۔ سری لنکن کھلاڑیوں نے کیچ بھی ڈراپ کئے اور یقینی رن آؤٹ کے مواقع بھی گنوائے۔

انگلینڈ کے سلامی بلے بازوں نے 68 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ بعد میں کھیلنے والے کیون پیٹرسن نے شاندار سٹروکس کھیل کر سولہ اوور میں معاملہ نمٹادیا۔ پیٹرسن 26 گیندوں پر 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پریرا نے دو اوورز میں 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سٹیوورٹ بروڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعے کو پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم اتوار کو انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

DW.COM