1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

میچ دیکھنے موہالی جانا قومی مفاد میں ہے، گیلانی

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کا کرکٹ ورلڈ کپ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان موہالی میں ہونے والا سیمی فائنل میچ دیکھنے کے لیے وزیر اعظم من موہن سنگھ کی دعوت پر بھارت جانا ’قومی مفاد‘ میں ہے۔

default

مقابلہ صحت مند ہونا چاہیے، گیلانی کی آفریدی کو ہدایت

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم گیلانی نے پاکستانی دارالحکومت میں وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب کی دعوت پر اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مشورے کے بعد موہالی کا میچ دیکھنے کے لیے بھارت جانے کا جو فیصلہ کیا، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس بات کو عملی طور پر ثابت کرنے کا سنہری موقع ہے کہ ان دونوں ملکوں کی نہ صرف کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیل سکتی ہیں بلکہ نئی دہلی اور اسلام آباد بھی ایک جگہ بیٹھ کر قومی اہمیت کے معاملات پر گفتگو کر سکتے ہیں۔

Manmohan Singh

گیلانی اپنے ہم منصب سنگھ کی دعوت پر بھارت جائیں گے

وفاقی کابینہ کے اس اجلاس کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بھارت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی، جس دوران انہوں نے قومی ٹیم کےکپتان کو واضح طور پریہ ہدایت بھی کی کہ اس میچ کا نتیجہ کچھ بھی ہو، پاکستانی ٹیم کو صحت مند مقابلے کی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین سپورٹس میں سپرٹ دکھانی چاہیے۔

اس پر شاہد آفریدی نے پاکستانی وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی صحت مند مقابلے کی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوری کوشش کرے گا کہ اس میچ کا نتیجہ پاکستان کے حق میں ہو۔

مختلف خبر رساں اداروں نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی قومی کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کی روایتی حریف ہیں۔ ان کے درمیان ان دونوں ملکوں میں سے ہی کسی ایک میں کھیلا جانے والا کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل یا سیمی فائنل اس کھیل کے شائقین کے لیے ایک ایسا سنسنی خیز اور جذبات کو گرما دینے والا موقع ہوتا ہے، جس کا برسوں تک انتظار کیا جاتا ہے۔ اسی لیے بدھ کو موہالی میں ہونے والے اس تاریخی میچ سے پہلے دونوں ہمسایہ ملکوں میں عوامی جوش و خروش اور ’کرکٹ کا بخار‘ اپنے عروج پر ہے، جو 30 مارچ کے دن اپنی نئی انتہاؤں کو چھونے لگے گا۔

NO FLASH Bangladesch Cricket World Cup 2011 Kapitäne der Mannschaften

موجودہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی کل چودہ ٹیموں کے کپتان

بھارت میں موہالی سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی اور بھارتی ٹیموں کے درمیان اس سیمی فائنل میچ کو کرکٹ کے بہت سے ماہرین بجا طور پر ’فائنل سے پہلے فائنل‘ کا نام دے رہے ہیں۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم کے علاوہ بہت سی دیگر انتہائی اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔ موہالی سے خبر ایجنسی اے پی نے اپنے ایک مراسلے میں لکھا ہے کہ بر صغیر، خاص کر صرف پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کے ایک بلین سے زائد شائقین میں اس وقت اس میچ سے متعلق جوش و خروش اتنا زیادہ ہے کہ فی الحال ہر کوئی اسی میچ کی بات کر رہا ہے اور اس میچ سے آگے نہ کچھ سوچ رہا ہے اور نہ دیکھ رہا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

DW.COM

ویب لنکس