1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

میلانیا ٹرمپ بغیر اسکارف کے سعودی عرب میں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی سعودی عرب گئی ہوئی ہیں۔ یہ دونوں خواتین ہیڈ اسکارف کے بغیر ہی اس قدامت پسند ملک کا دورہ کر رہی ہیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہوائی جہاز سے باہر آئے تو اُن کی اہلیہ اور فرسٹ لیڈی میلانیا ٹرمپ نے بظاہر سعودی عرب میں خواتین کے لباس کے ضوابط کے تناظر میں لمبے بازووں والا بلاؤز اور پینٹ زیب تن کر رکھی تھی لیکن ہوائی جہاز سے باہر نکلتے ہوئے اُن کے سنہرے بال فضا میں لہرا رہے تھے۔

اسی طرح صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا بھی بغیر اسکارف کے سعودی عرب پہنچی۔ ایوانکا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی ایک سینیئر اہلکار کے طور پر تعینات ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے لیے لباس کے سخت ضابطے مقرر ہیں اور اس میں پورے بدن کے لیے عبایہ اور سر پر اسکارف یا بعض صورتوں میں عورتیں نقاب بھی کرتی ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق غیر ملکی خواتین کا اسکارف پہننا خلافِ ضابطہ نہیں ہے۔

Donald Trump Melania Trump Saudi Arabien (Reuters/J.Ernst)

ںڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کرتے ہوئے شاہ سلمان، فرسٹ لیڈی بغیر اسکارف کے دکھائی دے رہی ہیں

اس ضمن میں یہ اہم ہے کہ چند ہفتے قبل جب برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزا مے نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، تو انہوں نے بھی سر پر اسکارف نہیں پہنا تھا۔ اسی طرح رواں برس سعودی عرب کے دورے پر گئی ہوئی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اسکارف پہننے کو ضروری نہیں خیال کیا تھا۔

مغربی ممالک سے سعودی عرب جانے والی اعلی سطحی سیاسی خواتین اسکارف یا عبایہ سے گریز کرتی ہیں۔ یہ خواتین یقینی طور پر ڈھیلا ڈھالا  جسم کو ڈھانپنے والا لباس ضرور پہنتی ہیں لیکن اسکارف کو پوری طرح نظر انداز کر دیتی ہیں۔

سن 2015 میں شاہ عبداللہ کی رحلت کے بعد تعزیت کے لیے جب امریکی صدر باراک اوباما اپنی اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تو مشیل اوباما نے بھی اسکارف پہننے سے اجتناب کیا تھا۔ ایک اور امریکی صدر جورج بُش جب سعودی عرب کے دورے پر تھے تو اُن کی اہلیہ لارا بُش نے کچھ دیر کے لیے تحفے میں دیے گئے اسکارف کو پہنا تھا مگر وہ بھی بقیہ دورے کے دوران بغیر اسکارف کے ہی گھومتی رہی تھیں۔ اسی طرح سابق صدر اوباما کے پہلی مدتِ صدارت میں وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے والی ہیلری کلنٹن نے بھی بغیر اسکارف کے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔