1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

میسی یا رونالڈو، بڑا کھلاڑی کون؟ بحث کا نتیجہ قتل

بھارتی پولیس نے بتایا ہے کہ اس نے آج پیر کو ایک نوجوان کو اپنے ہی ایک دوست کے قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا۔ یہ دونوں دوست بحث کر رہے تھے کہ لیونل میسی یا کرسٹیانو رونالڈو میں سے فٹ بال کی دنیا کا بڑا کھلاڑی کون ہے؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی میں دو دوستوں میں اس بات پر بحث ہو رہی تھی کہ آیا ارجنٹائن کے لیونل میسی بڑے فٹ بالر ہیں یا پھر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو زیادہ باصلاحیت ہیں؟ اس دوران یہ بحث تکرار کا رخ اختیار کر گئی اور یہ دونوں اس قدر طیش میں آ گئے کہ ہاتھ ایک دوسرے کے گریبانوں تک پہنچ گئے۔ غصہ جنون میں بدلا تو عقل و شعور پر حاوی ہو گیا اور ایک دوست نے دوسرے پر وار کرتے ہوئے اسے زخمی کر دیا۔ فٹ بال کے ان دونوں مداحوں کا تعلق نائجیریا سے ہے۔

پولیس انسپکٹر کرن کبادی کے مطابق 34 سالہ اوبینا درمچکووا کی ہلاکت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 سالہ مائیکل چکووما کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس افسر کبادی کے بقول، ’’نائجیریا سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں نوجوان عالمی فٹ بال پر اپنی اپنی رائے دے رہے تھے۔

ان میں سے ایک ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو کا مداح تھا جبکہ دوسرا بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی کی حمایت میں تعریفوں کے پل باندھ رہا تھا۔‘‘ کبادی کے مطابق اس موقع پر ہونے والی تکرار کے دوران ایک نے دوسرے کے چہرے کی جانب گلاس پھینکا، جس کے ٹوٹنے سے حملے کا نشانہ بننے والا معمولی زخمی ہو گیا۔ ’’اس کے بعد مبینہ ملزم نے اسی ٹوٹے ہوئے گلاس کے ٹکڑے سے درمچکووا پر پے در پے حملے کیا، جس سے اس موت واقع ہو گئی۔‘‘

اس سلسلے میں جب مختلف خبر رساں اداروں سے نئی دہلی میں نائجیریا کے سفارت خانے سے رابطہ کیا تو وہاں سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو دونوں کا شمار عالمی سطح پر فٹ بال کے بڑے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ 1987ء میں پیدا ہونے والے میسی پانچ مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ 31 سالہ رونالڈو کے حصے میں یہ اعزاز تین مرتبہ آیا ہے۔