1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

مچل، نیتن یاہو بات چیت بے نتیجہ رہی

مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی صدر باراک اوباما کے خصوصی مندوب جارج مچل اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے درمیان فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو روکنے سے متعلق منگل کو ہونے والی بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

default

خصوصی امریکی مندوب کے ساتھ ملکی دارالحکومت تل ابیب میں دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم نیتن یاہو نے جارج مچل پر واضح کردیا کہ مشرقی یروشلم اور مغربی اردن کے کنارے یہودی بستیوں میں تعمیر و توسیع کا منصوبہ ختم نہیں کیا جاسکتا، تاہم اسے صرف کچھ مدت کے لئے روکا جاسکتا ہے۔

Jüdische Siedlung in Gaza - Spielplatz

مغربی اردن کے کنارے یہودی آباد کاری ابھی تک جاری ہے

نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد جارج مچل کو منگل ہی کو فلسطینی خود مختار انتظامیہ کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کرنا تھی۔ کل بدھ کے روز وہ ایک بار پھر نیتن یاہو سے ملیں گے، جس کے بعد مچل امریکی صدر اوباما کو اس تنازعے کے بارے میں اپنے دورے کے نتائج سے آگاہ کریں گے۔

امریکی صدر اوباما کا اسرائیلی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مغربی اردن کے علاقے میں تعمیر کئے جانے والے 2500 مکانات کی تعمیر فوری طور پر روک دی جائے، تاکہ مشرق وسطیٰ امن مذاکرات دوبارہ شروع کئے جاسکیں۔ اس حوالے سے نیتن یاہو کا موقف یہ ہے کہ ان مکانات کی تعمیر نہیں روکی جاسکتی، کیونکہ اسرائیل کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے اور اس ملک کے عوام کو اسرائیلی سر زمین پر اپنے مکانات تعمیر کرنے کا پورا حق ہے۔ مشرقی یروشلم اور مغربی اردن کے کچھ علاقوں پر اسرائیل نے 42 سال پہلے قبضہ کرلیا تھا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ وہ ان مکانات کی تعمیرکو غیر قانونی آبادکاری نہیں سمجھتے.

Barack Obama

باراک اوباما یہودی بستیوں میں توسیع کے مخالف ہیں

جارج مچل کے اس دورے کا مقصد آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صدر اوباما کی ثالثی میں نیتن یاہو اور صدر عباس کے مابین خطے میں قیام امن کے لئے دوبارہ مذاکرات شروع کروانا ہے۔ محمود عباس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جب تک مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری روکی نہیں جاتی، ان کی انتظامیہ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔

نیتن یاہو کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب سے ایک روز پہلے ہی نیویارک پہنچ جائیں گے۔ تاہم ان کی محمود عباس سے کسی بھی قسم کی بات چیت ابھی تک طے نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیتن یاہو نے اپنا نیویارک کا دورہ بھی مختصر کردیا ہے، تاکہ انہیں اقوام متحدہ کی میٹنگ میں وہاں موجود ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک