1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

ممبئی انڈینز بھارتی پریمیئر لیگ کے سیمی فائنل میں

ممبئی انڈینز انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ماسٹر بلاسٹر کی کپتانی میں اس ٹیم نے11میچوں میں سے آٹھ جیت کر 16 قیمتی پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔

default

ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کی قیادت والی اس ٹیم نے اب تک 11میچوں میں سے آٹھ میں فتح حاصل کرکے 16 قیمتی پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ ممبئی انڈینز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ اس کے بعد تین ٹیموں کے بارہ بارہ پوائنٹس ہیں، تین کے پاس دس دس پوائنٹس ہیں جبکہ کنگس الیون پنجاب کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہے۔

اس وقت ’آئی پی ایل‘ میں رائل چیلنجرز بنگلور، دہلی ڈیئر ڈیویلز اور راجستھان رائلز کے بارہ بارہ پوائنٹس ہیں جبکہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز، چنی سُپر کنگس اور دکن چارجرز کی ٹیموں کے دس دس پوائنٹس ہیں۔ ان چھ ٹیمیوں میں سے صرف تین ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔

Kapitän des indischen Cricket-Teams Rajasthan Royals

’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں راجسھتان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں چیمپیئن شپ جیتی تھی

ممبئی انڈینز نے اتوار کو بھارتی شہر جے پور میں کھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز کی ٹیم کو 37 رنز سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹ حاصل کئے اور اس طرح سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ انڈین پریمیئر لیگ کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں ممبئی انڈینز کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی تھی۔ ممبئی انڈینز پہلی مرتبہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی مقبول ترین انڈین پریمیئر لیگ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی اس لیگ کے تازہ ایڈیشن میں تاحال چار سنچریاں بنائی جا چکی ہیں، جن میں دو بیرونی کھلاڑیوں نے جبکہ دو بھارتی کرکٹرز نے سکور کی ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ IPL کے تیسرے سیزن کی پہلی سنچری راجستھان رائلز کے جارحانہ بھارتی بلے باز یوسف پٹھان نے ممبئی انڈینز کے خلاف سکور کی۔ اس کے باوجود ان کی ٹیم میچ ہار گئی تھی۔ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کی دوسری سنچری دہلی ڈیئر ڈیویلز کے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے، تیسری چنئی سُپر کنگس کے بھارتی اوپننگ بیٹسمین مُرلی وجے جبکہ چوتھی کنگس الیون پنجاب کے سری لنکن کھلاڑی مہیلا جے وردھنے نے سکور کی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے گزشتہ سیزن میں صرف دو سنچریاں ہی بنائی گئی تھیں۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے اس سیزن میں دہلی ڈیئر ڈیویلز کی جانب سے جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ویلریز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے بھارتی کھلاڑی منیش پانڈے نے ایک ایک سنچری بنائی تھی۔

Yusuf Pathan Cricket Spieler Indien

تیسرے سیزن کی پہلی سنچری راجستھان رائلز کے جارحانہ بھارتی بلے باز یوسف پٹھان نے ممبئی انڈینز کے خلاف سکور کی

آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں کل چھ سنچریاں بنیں۔ سنچریاں سکور کرنے والوں میں شان مارش، سنتھ جے سوریہ، ایڈم گلکرسٹ، برینڈن میکولم، مائک ہسی اور اینڈریو سائمنڈز شامل تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر انڈین پریمیئر لیگ میں اب تک بارہ سنچریاں بنائی گئی ہیں، جن میں بھارتی کھلاڑیوں نے صرف تین جبکہ بیرونی کھلاڑیوں نے نو سکور کی ہیں۔

دریں اثناء انڈین پریمیئر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں آٹھ کے بجائے دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔ موجودہ آٹھ ٹیموں کے علاوہ اب پونے اور کوچی کی ٹیمیں بھی انڈین پریمیئر لیگ میں شریک ہوں گی۔

’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں راجسھتان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں چیمپیئن شپ جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں دکن چارجرز نے ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں ٹائٹل جیتا۔

اس معروف لیگ کا پہلا سیزن بھارت میں ہی کھیلا گیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث اس کے دوسرے ایڈیشن کا اہتمام جنوبی افریقہ میں کرنا پڑا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: شادی خان سیف

Audios and videos on the topic