1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

مستقبل میں پاکستان کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہوگا

دانشوروں کا خیال ہے کہ پاکستان پانی کے شدید بحران کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور اگر اس مسئلے کا کوئی بروقت حل نہ کیا گیا، تو ملک بدترین قحط کا شکار ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر یہ صورتحال کسی جنگ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

default

واشنگٹن کے ووڈرو وِلسن انٹرنیشنل سینٹر فار سکالرز کے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا پروگرام کے محقق مائیکل کوگلمین کے مطابق اب پاکستانی زراعت اور آبادی کا زیادہ تر انحصار صرف ایک دریا پر رہ گیا ہے۔

Pakistan Wasserversorgung

’پاکستان میں تقریبا 55 ملین افراد کو صاف پانی دستیاب نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا نظام پانی کی قلت سے متاثر ہو رہا ہے اور رفتہ رفتہ اس کمی کے اثرات پاکستان میں خوراک کی صورتحال کو مزید خراب کریں گے۔ کوگلمین کا کہنا ہے کہ زراعت کو پہنچنے والے نقصان کے باعث پاکستان کی 180 ملین کی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کوگلمین کا کہنا ہے کہ پاکستان دستیاب پانی کا 90 سے 95 فیصد زرعی مقاصد کے لئے استعمال کرتا ہے۔

امریکی نائب وزیر برائے سفارت و بین الاقوامی تعلقات ماریہ اوتیرو نے خبررساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا کہ دیگر ترقی پزیر ممالک دستیاب پانی کا 70 سے 75 فیصد زراعت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ اوتیرو کے مطابق پاکستان اپنے میٹھے پانی کا صرف 40 فیصد واقعی استعمال کرتا ہے جبکہ زیادہ تر پانی متعدد وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے۔ امریکی نائب وزیر اسلام آباد کے اپنے پہلے دورے پر تھیں۔ ان کا یہ دورہ پاک امریکہ سٹریٹیجک مذاکرات کے سلسلے میں واٹر ورکنگ گروپ پر بات چیت کے سلسلے میں تھا۔

BdT Welt Tag des Wassers

پاکستان کا زیادہ تر انحصار اب صرف دریائے سندھ کے پانی پر ہے

مائیکل کوگلمین کا کہنا ہےکہ پاکستان میں تقریبا 55 ملین افراد کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے اور صرف کراچی شہر میں ہر سال 30 ہزار افراد کی موت کا سبب یہی غیر شفاف پانی ہے۔

پاکستان کی آبادی سب سے زیادہ انحصار کوہ ہمالیہ کے گلیشیرز سے نکلنے والے دریائے سندھ پر کرتی ہے۔ سائنسدانوں کا خیال کے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اگلے چند برسوں میں دریائے سندھ کے حجم میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان میں دیگر دریا بھارت سے داخل ہوتے ہیں اور پاکستان بھارت پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

DW.COM