1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

لتا 82 برس کی ہو گئیں

بھارتی فلم انڈسٹری میں گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی گلوکاری سے لاکھوں کو دیوانہ بنانے والی لتا منگیشکر 82 برس کی ہو گئی ہیں۔

default

لتا منگیشکر

28 ستمبر1929ء کو اندور میں پیدا ہونے والی لتا کے بارے میں اس وقت شاید ہی کسی کو علم تھا کہ وہ بڑی ہو کر اتنی بڑی فنکارہ بن جائیں گی۔ تیس ہزار سے زیادہ گیتوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی لیجندڑی سنگر لتا منگیشکر نے اپنی سالگرہ کے دن کسی خاص ایونٹ کا انعقاد نہیں کیا بلکہ اپنے گھروالوں کے ساتھ سادگی سے یہ دن گزارا۔

پی ٹی آئی سے خصوصی گفتگو کے دوران لتا نے کہا،’میں اپنی سالگرہ شاندار طریقے سے نہیں مناتی اور نہ ہی کیک وغیرہ کاٹنے پر یقین رکھتی ہوں۔ یہ صرف ایک گھریلو ایونٹ ہوتا ہے، جہاں تمام گھر والے اکٹھے ہوتے ہیں۔ تمام دن گھر میں گزارنے کے بعد شب کو میں ہری دیاناتھ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کروں گی‘۔

1942ء میں مراٹھی گانے سے اپنا کیریئر شروع کرنے والی اس مہان فنکارہ نے 1946ء میں پہلی مرتبہ ہندی فلموں کے لیے کام کرنا شروع کیا۔ جس کے دو برس بعد ہی انہوں نے اپنی گلوگاری کے فن سے فلمی دنیا کو اپنی آواز سے سحر زدہ کر دیا۔

بالی ووڈ میں لتا دیدی کے نام سے معروف اس خاتون فنکار نے ہزاروں فلموں کے لیے گانے گائے۔ اگرچہ انہوں نے بھارت کی 36 مقامی زبانوں میں مدھر گیت ریکارڈ کروائے لیکن ان کا بنیادی کام ہندی زبان میں ہی ہے۔

Flash-Galerie Lata Mangeshkar

لتا نے 1942ء میں مراٹھی گانے سے اپنا کیریئر شروع کیا

بھارت کا سب سے بڑا سول اعزاز بھارت رتنا ایوارڈ حاصل کرنے والی لتا نے بلیک اینڈ وائٹ دور کی معروف اداکارہ مدھو بالا سے لے کر آج کے دور کی نوجوان اداکاراؤں کے لیے گانے گائے ہیں۔ انہوں نے نیم کلاسیکی موسیقی کے ساتھ ساتھ غزل اور بھجن گائیکی میں بھی اپنا ایک منفرد مقام برقرار رکھا ہوا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹارز نے بھی لتا کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکبادی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا، ‘لتا جی ایک انتہائی عمدہ فنکارہ ہیں۔ انہیں نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں پذیرائی ملی ہے اور ہم سب ان سے پیار کرتے ہیں‘۔

معروف اداکار اور ہدایت کار دیو آنند نے لتا کو مباکباد دیتے ہوئے کہا،’ لتا جی مجھے بہت پیاری ہیں۔ میں انہیں ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں، ہماری رفاقت بہت پرانی ہے۔ اگر میں ان کے بارے میں کچھ بھی نہ کہوں تب بھی لتا جی جانتی ہیں کہ میں ان سے کتنا پیار کرتا ہوں اور ان کی بہترین زندگی کے لیے دعا گو ہوں‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

DW.COM