1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

فیفا ورلڈ کپ: پری کوارٹر فائنل معرکہ ختم

پیراگوائے اور سپین کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی فیفا ورلڈکپ 2010ء کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ یہی دو ٹیمیں تین جولائی کو کوارٹر فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

default

منگل کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ایشیائی ٹیم جاپان کو لاطینی امریکی ٹیم پیراگوائے نے پنلٹی ککس پر5-3 سے شکست دی۔ پیراگوائے نے اپنی فٹ بال تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اگر جاپان یہ میچ جیت جاتا تو اس کے لئے بھی یہ پہلا اعزاز ہوتا۔

مقررہ نوے اور اضافی تیس منٹ میں جاپان نے پیرا گوائے کو نہ صرف گول کرنے سے روکے رکھا بلکہ متعدد بار ان کے گول پوسٹ پر بہترین حملے بھی کئے۔ دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے بہت مواقع ملے تاہم گول کیپرز کی اچھی کارکردگی سے کوئی ٹیم بھی گول نہ کرپائی۔

Fußball WM 2010 Spanien Portugal Flash-Galerie

ہسپانوی ٹیم کے کھلاڑی خوشیاں مناتے ہوئے

جاپانی کوچ تاکیشی اوکاڈا نے اپنی ٹیم پر فخر کرتے ہوئے کہا، ’’ انہوں نے نہ صرف جاپان بلکہ پورے ایشیا کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کھیلا‘‘۔

دن کے دوسرے میچ میں یورپی ٹیمیں سپین اورپرتگال  آمنے سامنے تھیں ۔ یورپی چیمپیئن ٹیم سپین نے اس مقابلے میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سی برتری حاصل کی۔ میچ کا واحد گول ہسپانوی مڈ فیلڈر ڈیوڈ وِلا نے کیا جو ان کا اس ٹورنامنٹ میں چوتھا گول ہے۔ 

شروع سے ہی سپین کھیل پر چھایا رہا اورزیادہ دیر گیند ان ہی کے پاس رہی۔ سپین کے گول کیپر نے پرتگالی فاروڈز کے متعدد حملوں کو ناکام بناکر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردارنبھایا۔ دوسرے ہاف کے شروع میں پرتگال کو گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا مگر گیند دفاعی کھلاڑی کی ٹانگ سے ٹکرا کر گول پوسٹ کے پاس سے ہوتی ہوئی میدان سے باہرچلی گئی۔

NO FLASH Fußball WM 2010 Paraguay Japan

جاپان کو پینلٹی ککس پر ہرانے کے بعد پیراگوائے کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے

پرتگالی کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اگرچہ قدرے بہتر کھیل پیش کیا تاہم وہ گول نہ کرسکے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل وہ شائقین فٹ بال کی امیدوں کا محورتھے تاہم وہ پورے ٹورنامنٹ میں محض ایک گول کرپائے۔ اسی طرح گزشتہ روز کے میچ میں ہسپانوی سٹار فرنانڈو ٹوریس بھی توقع کے مطابق کھیل نہ دکھاسکے اور انہیں 58 ویں منٹ ہی میں کوچ نے باہر بلا لیا۔

عالمی فٹ بال میلے میں اب دو دن کا وقفہ ہے۔ جمعہ دو جولائی کو کوارٹر فائنل مرحلہ شروع ہو گا۔ اس دن ہالینڈ کا برازیل سے جبکہ گھانا کا یوروگوائے سے مقابلہ ہوگا۔ ہفتہ تین جولائی کو ارجنٹائن کا جرمنی سے جبکہ پیراگوائے کا سپین سے سامنا ہوگا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ

DW.COM