1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

فٹ بال: 18 برسوں میں برازیل کے خلاف پہلی جرمن فتح

بدھ کو جرمن شہر شٹٹ گارٹ کے ہاؤس فُل مرسیڈیز بینز اسٹیڈیم میں جرمنی نے پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی ٹیم برازیل کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ 18 برسوں میں اس ٹیم کے خلاف یہ جرمنی کی پہلی کامیابی ہے۔

ماریو گوئٹسے گول کرتے ہوئے

ماریو گوئٹسے گول کرتے ہوئے

جرمنی کی طرف سے پہلا گول سیباستیان شوائن شٹائیگر نے 61 ویں منٹ میں کیا تاہم شٹٹ گارٹ مقابلے کے مَین آف دی میچ 19 سالہ ماریو گوئٹسے رہے، جنہوں نے نہ صرف 67 ویں منٹ میں دوسرا گول کیا بلکہ ایک اور گول بھی اُنہی کے تعاون سے ہوا۔ جرمنی کی جانب سے تیسرا گول 80 ویں منٹ میں آندرے شُرلے نے کیا۔

جرمنی کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے تمام گول وقفے کے بعد ہوئے۔ اس دوستانہ میچ میں برازیل کی جانب سے دو گول روبینیو (70 ویں منٹ میں) اور نیمار نے (90 ویں منٹ میں) کیے۔ برازیل کے خلاف یہ جرمنی کی مجموعی طور پر چوتھی جیت تھی۔ گزشتہ مہینے کوپا امریکہ کے کوارٹر فائنل سے خارج ہونے کے بعد اب جرمنی سے بھی شکست کو برداشت کرنا برازیل کی ٹیم کے لیے آسان ہرگز نہیں ہو گا۔

جرمنی کی طرف سے پہلا گول سیباستیان شوائن شٹائیگر نے 61 ویں منٹ میں کیا

جرمنی کی طرف سے پہلا گول سیباستیان شوائن شٹائیگر نے 61 ویں منٹ میں کیا

بدھ کی شب اور بھی کئی دوستانہ میچ کھیلے گئے۔ اٹلی کے شہر باری میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں 2006ء کے عالمی چیمپئن اٹلی نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان مجوزہ میچ لندن میں ہنگاموں کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

دیگر کچھ نتائج یوں رہے: جاپان نے جنوبی کوریا کو تین صفر سے، پرتگال نے لکسمبرگ کو پانچ صفر سے جبکہ روس نے سربیا کو ایک صفر سے شکست دی۔ فرانس اور چلی کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ سکاٹ لینڈ نے ڈنمارک کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ آسٹریلیا نے بھی ویلز کو ایک کے مقابلے میں دو ہی گول سے ہرا دیا۔

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ 2012ء کے میزبانوں میں سے پولینڈ نے جارجیا کو ایک صفر سے ہرا دیا جبکہ یوکرائن کو سویڈن کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست اٹھانا پڑی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

DW.COM

ویب لنکس