1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

فورس انڈیا ٹیم کی نظریں اب مونزا پر

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کی اگلی یعنی تیرہویں ریس تیرہ ستمبر کو اٹلی میں مونزا کے مقام پر منعقد ہو گی اور فورس انڈیا ٹیم ایک بار پھر پوائنٹس کی امید کر رہی ہے۔

default

فورس انڈیا ٹیم کے ڈرائیور فزی کیلا

بیلجیئم میں شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں اٹلی کے چھتیس سالہ جان کارلو فزی کیلا کی غیر متوقع دوسری پوزیشن اُن کی فورس انڈیا ٹیم کے لئے اُمید کی ایک نئی علامت تھی۔ اِس ریس میں فِن لینڈ کے کمی رائی کونن پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ فزی کیلا نے حتمی کوالیفائنگ راؤنڈ میں پول پوزیشن حاصل کی تھی اور پہلے نمبر سے اپنی ریس شروع کی تھی۔

Formel 1 in Spa Siegerehrung

پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور اپنی جیت کی خوشیاں مناتے ہوئے۔ درمیان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے فن لینڈ کے رائی کونن، بائیں فورس انڈیا ٹیم کے ڈرائیور فزی کیلا اور دائیں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والےجرمنی کے سیباستیان فیٹل

فزی کیلا کی اِس کامیابی کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں کہ وہ اپنے وطن میں منعقدہ گراں پری مقابلے میں فورس انڈیا کی بجائے اطالوی فیراری ٹیم کی طرف سے شرکت کریں گے۔ تاہم پیر کو چنائے میں فورس انڈیا ٹیم کے سربراہ وِجے ملیا نے زور دے کر کہا کہ اِس ریس میں بھی اطالوی ڈرائیور جان کارلو فزی کیلا فورس انڈیا ٹیم ہی کی طرف سے شریک ہوں گے۔

فورس انڈیا ٹیم اب تک تیس مقابلوں میں شرکت کر چکی ہے لیکن بیلجیئن گراں پری میں اُسے پہلی مرتبہ کوئی پوائنٹس ملے۔ وِجے ملیا کے مطابق فزی کیلا نے خود یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ فورس انڈیا ٹیم نہیں چھوڑ رہے۔

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے اب تک بارہ گراں پری مقابلے منعقد ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے برطانیہ کے جینسن بٹن پہلے نمبر پر جا رہے ہیں۔ شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں البتہ جینسن بٹن شروع میں ہی مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: افسر اعوان