1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

عالمی شہرت یافتہ اطالوی گلوکار پاوارَوٹی کا انتقال

چھ ستمبر جمعرات کی صبح اٹلی کے نامور گلوکار لُچانو پاوارَوٹی 71 برس کی عمر میں اپنے آبائی شہر موڈینا میں انتقال کر گئے۔ اونچے سُروں میں مغربی کلاسیکی گیت گانے والے یہ اوپیرا گلوکار طویل عرصے سے سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔ اُنہوں نے سن 2004ء میں الوداعی کنسرٹس کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا، جو اُنہیں صحت کی خرابی ہی کی وجہ سے گذشتہ سال منقطع کرنا پڑا تھا۔

اونچے سُروں میں مغربی کلاسیکی گیت گانے والے اوپیرا گلوکار لُچانو پاوارَوٹی

اونچے سُروں میں مغربی کلاسیکی گیت گانے والے اوپیرا گلوکار لُچانو پاوارَوٹی

پاوارَوٹی کے والد ایک بیکری چلاتے تھے لیکن ساتھ ساتھ اونچے سروں میں گائیکی کے بھی شوقین تھے۔ پاوارَوٹی شروع میں اُستاد بننا چاہتے تھے اور دو سال انہوں نے ایک اسکول میں پڑھایا بھی لیکن ساتھ ساتھ انہوں نے گائیکی کی مشقیں بھی جاری رکھیں۔ 1956ء میں انہوں نے گائیکی کو باقاعدہ ایک پیشے کے طور پر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مغربی کلاسیکی گائیکی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کرنا شروع کی، جو چھ سال تک جاری رہی۔ اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لئے وہ انشورنس ایجنٹ کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔

عالمی شہرت کی دہلیز پر انہوں نے سن 1961ء میں قدم رکھا، جب انہوں نے مشہور اطالوی موسیقار Puccini کے اوپیرا ”لا بوہیم“ میں روڈولفو کے کردار میں گائیکی کا ایک بین الاقوامی مقابلہ جیتا۔ اِس کے بعد آنے والے برسوں میں وہ دنیا کے کئی بڑے شہروں کے اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے اور اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو مسحور کر دیا۔ اُنہیں اپنے شعبے میں بیس ویں صدی کا سب سے بڑا گائیک کہا جاتا ہے۔