1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

عالمی ریکارڈ: بھارتی خاتون ایک ہفتے میں دو بار ماؤنٹ ایورسٹ پر

ایک بھارتی خاتون کوہ پیما نے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں دو بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انشو جمسینپا نے اتوار اکیس مئی کو وہ کام کر دکھایا، جو ان سے پہلے کبھی کسی خاتون نے نہیں کیا تھا۔

نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق انشُو جمسینپا کی عمر 37 برس ہے، اور انہوں نے دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں دو بار سر کرنے کا ایک ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جو ان سے قبل کوئی دوسری خاتون کبھی نہیں کر سکی تھی۔

بلااجازت ’دنیا کی چھت‘ پر چڑھنے کی کوشش، 22 ہزار ڈالر جرمانہ

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی کی کہانی

ایورسٹ کو سات بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایک نیپالی

انشُو جمسینپا نے 8,848 میٹر یا 29,028 فٹ بلند اس چوٹی کو، جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے، موجودہ سیزن کے دوران پہلے 16 مئی کو سرکیا، جس کے بعد کھ دیر آرام کرنے کے لیے وہ واپس زمین پر آ گئی تھیں۔

پھر ایک چھوٹے سے وقفے کے بعد انشُو جمسینپا نے دوبارہ ماؤنٹ ایورسٹ کا رخ کیا اور آج اتوار 21 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے وہ اس پہاڑی چوٹی کو دوبارہ سر کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ انشُو جمسینپا، جو دو بچوں کی ماں ہیں، اب تک مجموعی طور پر پانچ مرتبہ ایورسٹ کر سر کر چکی ہیں۔ ان سے پہلے کسی خاتون کی طرف سے ایورسٹ کو دو بار سر کرنے کا ریکارڈ ایک نیپالی خاتون کوہ پیما چُھوریم شیرپا نے بنایا تھا لیکن انہوں نے بھی تب ایورسٹ کو ایک ہی سیزن میں دو بار سر کیا تھا۔

اس کے برعکس انشُو جمسینپا کا ریکارڈ اس لیے اور بھی اہم ہے کہ انہوں نے دنیا کی اس بلند ترین پہاڑی چوٹی کو ایک ہی سیزن میں دو بار لیکن ایک ہفتے سے بھی کم مدت میں سر کیا۔

اپنی زندگی میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ مرتبہ سر کرنے کا کسی خاتون کا ریکارڈ نیپالی خاتون کوہ پیما لکھپا شیرپا نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی قائم کیا تھا۔ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ انہی کے پاس تھا، لیکن گزشتہ ہفتے انہوں نے سات مرتبہ کا اپنا یہی ریکارڈ مزید بہتر بناتے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ کو آٹھویں مرتبہ سر کر لیا تھا۔

DW.COM