1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

شیر، ڈوئی اور شوہر

بیوی کے ہاتھوں شوہرکی پٹائی کے قصے تو بہت سننے میں آتے ہیں لیکن ملائشیا میں ایک بیوی نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے اس پر حملہ آور شیر کی ایسی پٹائی کی کہ وہ بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔

default

60 سالہ تمبون گیدوآ ملائشیا کے شمالی جنگلاتی علاقے ’پاریک‘ کے ایک گاؤں کا رہائشی ہے۔ وہ گزشتہ ویک اینڈ پر صبح سویرے گلہری کا شکار کرنے کے لیے گھر کے پاس جھاڑیوں میں چھپا ہوا تھا۔ اس دوران اسے ایک گلہری نظر آئی لیکن اسی لمحے پچھے سے جھاڑیوں میں ہونے والی سرسراہٹ نے اسے گھومنے پر مجبور کر دیا۔ تمبون جیسے ہی گھوما تو دیکھا کہ اس کے پیچھے ایک شیرکھڑا ہے، یہ منظر دیکھ کر اس کے اوسان خطا ہوگئے۔ اس کے بقول ’’ سب سے پہلا خیال جو میرے ذہن میں آیا وہ یہ کہ میں درخت پر چڑھ جاؤں لیکن شیر اتنا قریب آ چکا تھا کہ میرے پاس اس کا موقع نہیں تھا اور اس نے پنجے چلانے بھی شروع کر دیے تھے۔‘‘

تمبو ابھی اس شش و پنج میں تھا کہ کیا کیا جائے لیکن شیر یہ فیصلہ کر چکا تھا کہ اسے کیا کرنا ہے۔ شیر نے تمبون پر حملہ کر دیا۔

Ein Löwe gähnt

وہ شیرکا منہ دور رکھنے کے لیے پوری جان لگا رہا تھا اور ساتھ ساتھ مدد کے لیے بھی چلا رہا تھا۔ گھر قریب ہونے کی وجہ سے اس کی 55 سالہ بیوی ہن بیساؤ نے شوہر کی آواز جلد سن لی۔ وہ ہاتھ میں لکڑی کی ڈوئی لے کر مدد کے لیے دوڑی۔ جیسے ہی وہ وہاں پہنچی تو دیکھا کہ اس کا شوہر زمین پر گرا ہوا ہے اور شیرکا لقمہ بننے سے بچنے کی کوشش کر رہا۔ بیوی نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور شیرکے سر پر ڈوئی دے ماری۔ یہ تو نہیں معلوم ہوا کہ اس نے شیر کے سر کے کونسے حصہ پر چوٹ ماری لیکن یہ ضرور ہوا کہ ایک ہی وار نے شیرکو بھاگنے پر مجبورکر دیا۔

جنگلاتی علاقہ ہونے کی وجہ سے تمبون کو ہسپتال پہنچانے میں دس گھنٹے لگے۔ تاہم اس کے چہرے، پاؤں اور گردن پر آنے والی خراشوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخم اتنے گہرے نہیں ہیں کہ آپریشن کیا جائے یا ٹانکے لگائے جائیں۔

ملائشیا میں جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی ڈائریکٹر صابرینا محمد شریف نے کہا کہ وہ وائلڈ لائف کے فنڈ سے تمبون کی مدد کریں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے شیر کو پکڑنے کے لیے لائسنس حاصل کرنے کی کوشش بھی شروع کر دی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: شادی خان سیف

ویب لنکس