1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

سائنس اور ماحول

شور سے نجات شور ہی کے ذریعے

شور بھی ماحولیاتی آلودگی کی ایک قسم ہے۔ اس آلودگی سے بچاؤ کے لئے ایک ایسا طریقہ دریافت کیا گیا ہے جس میں شور کا مسئلہ شور کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے انگریزی میں Noise against Noise کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔

default

شور بے ہنگم لیکن تیز آوازوں کے اُس مجموعے کو کہتے ہیں جو انسانی اعصاب پر دباؤ کا باعث بنتا ہے۔ اس کی وجہ سے انسان بالعموم کسی ایک کام پر توجہ مرکوز نہیں کر پاتا۔ شور اگر بہت زیادہ ہو جائے تو انسان کو بیمار بھی کر دیتا ہے۔

اسی لئے ماہرین کئی ایسے متنوع طریقوں پر کام کر رہے ہیں، جن کے ذریعے شور سے بچا جا سکتا ہو۔ شور سے بچاؤ کے لئے صرف کان بند کر لینا بہت آسان طریقہ تو ہے، لیکن یہ ہمیشہ ہی مؤثر ثابت نہیں ہوتا۔ اس لئے کہ کبھی کبھی اس کے لئے انتہائی نفیس اور مؤثر طریقے بھی اپنانے پڑتے ہیں۔ مثلا اس معمولی لیکن بہت بیمار کر دینے والے شور کا خاتمہ جسے مکھیوں کی بھنبھناہٹ جیسے شور کا نام دیا جاتا ہے، اور جس کی اکثر لوگ شکایت کرتے ہیں کہ انہیں اپنے کانوں میں مسلسل ایسا شور سنائی دیتا ہے۔

Schnee in Polen

شور انسانی اعصاب پر دباؤ کا باعث بنتا ہے

اکثر جرمن شہروں میں فضا میں پائے جانے والے ٹریفک کے شور کو کم کرنے کے لئے سڑکوں کے کنارے ایسی دیواریں بنائی جاتی ہیں، جو تیز رفتار ٹریفک کے شور کو قریبی رہائشی علاقوں تک جانے سے کافی حد تک روک دیتی ہیں۔ ایسے طریقے شور سے بچاؤ کے passive طریقے کہلاتے ہیں۔ لیکن آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ یونیورسٹی کے بین الاقوامی سطح پر معروف ماہر کولِن ہَینسن ایسے طریقوں کے استعمال کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، جن میں شور سے بچاؤ کے لئے passive کے بجائے active ذرائع استعمال کئے گئے ہوں۔

"شور کی تلافی کے active طریقہء کار کے تحت ذہنی اور اعصابی دباؤ کا باعث بننے والی تیز آوازوں کواسپیکروں اور مائیکروفونز کے ذریعے باقاعدہ نشانہ بنا کر ہوا میں تحلیل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس خود کار نظام کے تحت پہلے ایک مائیکرو فون کے ذریعے یہ طے کیا جاتا ہے کہ شور کتنا زیادہ ہے، پھر یہ مائیکروفون ایک آٹومیٹک نظام کے ذریعے ایک کمپیوٹر سے منسلک ایسے لاؤڈ سپیکر آن کر دیتا ہے، جو شور کے مقابلے میں ایک اینٹی ساؤنڈ پیدا کرتے ہیں اور یوں بےچین کر دینے والے شور کا عملا خاتمہ کر دیا جاتا ہے۔"

شور سے بچاؤ کے اس طریقے کو پہلے ہی سے ایسے ہوائی جہازوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، جو پروپَیلر انجن سے چلتے ہیں۔ یوں ہوائی جہاز کے اندر بیٹھے ہوئے مسافروں کو جہاز کے انجن کے شور سے محفوظ رکھا جاتا ہے۔ ویسے آج کل ایسے ہیڈ فون بھی مارکیٹ میں آ چکے ہیں جن میں اینٹی ساؤنڈ طریقہء کار استعمال کیا جاتا ہے۔

Verkehr Verkehrschaos in Jakarta Indonesien Thamrin Street

ٹریفک کا بے ہنگم شور شہری زندگی میں انسانی رویوں پر بھی اثرانداز ہوتا ہے

کولِن ہَینسن کی خواہش ہے کہ شور سے بچاؤ کی اینٹی ساؤنڈ ٹیکنالوجی اب ہوائی جہازوں کے علاوہ ایسی جگہوں پر بھی استعمال کی جانا چاہئے، جہاں خاص طور پر بہت زیادہ شور پایا جاتا ہے۔ مثلا بڑی بڑی فیکٹریوں اور کارخانوں میں بھی۔ سوال یہ ہے کہ شور سے بچاؤ کے لئے شور کا نظام کیسے کام کرتا ہے؟

"یہ نظام اس طرح کام کرتا ہے کہ بہت زیادہ شور والی جگہ پر کئی مائیکروفون نصب کئے جاتے ہیں۔ وہ اس جگہ پر شور کی شدت ناپتے ہیں۔ پھر ایک ایسا الٹراساؤنڈ سینسر بھی شور کی شدت ناپتا ہے، جسے پر شور ماحول میں موجود کوئی بھی شخص اپنے سر پر ہیلمٹ کی طرح پہن سکتا ہے۔ ان مختلف طرح کی سگنلز کی مدد سے یہ طے کیا جا سکتا ہے کہ اس ماحول میں موجود کسی بھی انسان کے کانوں تک پہنچنے والے شور کی شدت کتنے decible بنتی ہے۔"

کولِن ہَینسن کہتے ہیں کہ اس طرح اس شور کی شدت کے عین برابر اینٹی ساؤنڈ لہریں پیدا کی جا سکتی ہیں، جو اس جگہ پر سب سے زیادہ مؤثر ہوں گی جہاں کسی بھی وقت کوئی کارکن کام کر رہا ہوگا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی