1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

سٹے بازوں کا پاکستانی کرکٹرز سے رابطہ نہیں ہوا، لورگٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ اس کے اینٹی کرپشن یونٹ کو سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرز کے سٹے بازوں سے رابطے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

default

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ایسے شواہد یا ثبوت نہیں ملے جن سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے تمام چھان بین کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دورہ سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرزسے بھارتی سٹے بازوں کا کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ہر ایونٹ میں اینٹی کرپشن کا یونٹ موجود ہوتا ہے اوراس طرح کے کسی بھی اقدام کی روک تھام کے لئے اپنا کرداربخوبی ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹے بازوں کے کھلاڑیوں سے رابطوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تاہم اس کے لئے متعلقہ بورڈز اورآئی سی سی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

Abdul Qadir

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دورہ سری لنکا میں کولمبو کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم ٹھہری وہیں بھارتی سٹے بازوں نے بھی قیام کیا

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دورہ سری لنکا میں کولمبو کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم ٹھہری وہیں بھارتی سٹے بازوں نے بھی قیام کیا۔ ان اطلاعات پر پاکستانی بورڈ نے آئی سی سی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے عبدالقادر کے خلاف غلط الزامات عائد کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا تھا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ایسے شواہد یا ثبوت نہیں ملے جن سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہو۔ ان کا کہنا تھا، ’’آئی سی سی اور اس کے ممبرز بدعنوانی کے معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تاکہ ہمارے کھیل کی تکریم کسی صورت متاثر نہ ہو۔ سپرٹ اس کھیل کا اہم ترین اثاثہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی ایسی ہر شکایت پر موثر تحقیقات کرتی ہے۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسراعوان