1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

سلیم شہزار قتل کیس: صحافیوں کو بیان داخل کروانے کی ہدایات

سلیم شہزاد قتل کیس کی تحقیقات کرنیوالے کمیشن کو مقتول صحافی کا فون ریکارڈ موصول ہو گیا ہے۔ کمیشن نے سلیم سے رابطے میں رہنے والے اور قتل کے بارے میں معلومات رکھنے والے صحافیوں کو جمعہ تک تحریری بیان داخل کرنے کی ہدایت کی۔

default

کمیشن کا اجلاس ہفتہ کو جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کے دیگر ارکان جسٹس آغا رفیق، آئی جی پنجاب جاوید اقبال، آئی جی اسلام آباد بن یامین اور پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کمیشن کے سیکرٹری تیمور عظمت نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں منڈی بہاؤ الدین کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ اسی علاقے میں سلیم شہزاد کو قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد یہ تھا کہ سینئر صحافیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے ذریعے اس معاملے کی طے تک پہنچا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافیوں کو اپنے تحریری بیان جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہے جس کے بعد آئندہ پیر سے بیان جمع کرانے والے صحافیوں کی شہادتیں بھی ریکارڈ کی جائیں گی۔

کراچی کے ہوائی اڈے پر سلیم شہزاد کی میت کی آمد کا منظر، فائل فوٹو

تیمور عظمت کا کہنا تھا کہ اجلاس میں آئی جی پنجاب اورآئی جی اسلام آباد نے اب تک اس مقدمے کی تفتیش کے بارے میں رپورٹ پیش کی تاہم دوسری جانب سلیم شہزاد کے برادر نسبتی اور ان کے قتل کے مقدمے کے مدعی حمزہ امیر کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کی تفتیش سے مطمئن نہیں۔

انہوں نے کہا، ’’اگر جاندار تفتیش ہوتی تو وہ نظر آتی، ان کے پاس نتائج بھی ہوتے لیکن اجلاس ہو چکے ہیں ابھی تک کوئی ٹھوس نتیجہ پولیس لے کر نہیں آئی کہ مختلف سمت پر بات کر سکیں، فی الحال ہم دو ماہ پیچھے ہی بیٹھے ہیں جب ان کی گمشدگی کے بعد موت ہوئی تھی۔‘‘

Syed Saleem Shahzad

سلیم شہزاد

کمیشن کے اجلاس میں شریک ہونے والے ایک سینئر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ آج خاصی پیشرفت ہوئی ہے اور توقع ہے کہ اگر اسی طرح کمیشن اپنا کام کرتا رہا تو سلیم شہزاد کے قاتل بے نقاب ہونگے۔ انہوں نے کہا، ’’سب سے اہم بات یہ تھی کہ جسٹس ثاقب نثار نے تین صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اس میں سے ایک صحافی ایسے بھی ہیں جن کی بیوی سے کہا گیا کہ اپنے خاوند سے علیٰحدگی اختیار کر لیں ورنہ آپ کو مسئلہ ہوگا۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں معاملہ بہت اہم ہے اور کمیشن کے سامنے بہت سے ایسے حقائق آئے ہیں جو اس سے پہلے نہیں تھے۔‘‘

سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کا آئندہ اجلاس 18 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: شادی خان سیف

DW.COM