1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

سال نو کے موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا قوم کے نام خطاب

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بدھ کی شام سالِ نو کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی خطاب میں اُن منصوبوں پر خاص طور پر زور دیا، جو جرمنی نے عالمگیر مالیاتی بحران کا مقابلہ کرنے کے لئے وضع کئے ہیں۔

default

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سال نو کے موقع پر برلن میں اپنے خصوصی حطاب میں کہا کہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے

ساتھ ہی ساتھ اُنہوں نے یہ کہا کہ اُن کی حکومت ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے بھی کوشاں رہے گی۔ ۔

Bundeskanzlerin Angela Merkel und Bundesaussenminister Frank-Walter Steinmeier

دارلحکومت برلن میں واقع وفاقی جرمن پارلیمان میں چانسلر انگیلا میرکل وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائیر کے ہمراہ

جرمن چانسلر کے خطاب کے چِیدہ چِیدہ نکات:

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمیگر بحران کے باوجود جرمن شہریوں کو اپنے مستقبل کے حوالے سے پُر اُمید ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے کہاکہ خاص طور پر اِن حالات میں یہ بہت ہی اہم بات ہے کہ جرمنی اپنی قوتِ بازو پر اعتماد کرے۔ ساتھ ہی اُنہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی مالیاتی بحران کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر ایسے عالمگیر اصول وضع کئے جانے چاہییں، جن کی بنیاد آزاد معیشت کے نظریے پر ہو۔ میرکل نے کہا: ’’مَیں اُس وقت تک اپنی کوششیں ترک نہیں کروں گی جب تک کہ ہم اِس طرح کے اصول اور ضوابط طے نہیں کر لیتے۔ میرا نقطہء نظر یہ ہے کہ ہم محض اِس عالمگیر اقتصادی بحران کی زَد میں آنے سے بچنے پر توجہ دینے کی بجائے یہ کوشش کریں کہ ہم اِس بحران سے اور بھی مضبوط ہو کر نکلیں۔ یہ بالکل ممکن ہے اور مل جُل کر ہم یہ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘

Opelwerk Eisenach

جرمن موٹر ساز کمپنی Opel کو سب سے زیادہ مالی خسارے کا سامنا ہے

نئے سال میں سرکاری سطح پر سرمایہ کاری کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئےجرمن چانسلر نے کہا کہ اضافی رقوم خرچ کرتے ہوئے مواصلاتی ذرائع کو جدید تر بنایا جائے گا اور اُن کا دائرہ دیہی علاقوں تک بھی پھیلا دیا جائے گا۔ شاہراہوں اور ریل کی پٹڑیوں کو بہتر بناتے ہوئے اُن میں توسیع کی جائے گی۔ ساتھ ہی ساتھ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لئے مزید مالی وسائل مختص کئے جائیں گے۔

Merkel macht Wahlkampf auf der IAA

چانسلر میرکل ملک کی موٹر کار صنعت کو مالی خسارے سے بچانے کے لئے بھی کوشاں ہیں

انگیلا میرکل نے کہا کہ روزگار کے شعبے میں گذشتہ تین برسوں کے دوران بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے اور آج بے روزگاری کی شرح پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر نیچے آچکی ہے۔ نئے سال کے لئے روزگار کے حوالے سے اپنی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے میرکل نے کہا: ’’آنے والے سال میں قومی سطح پرہماری اولین ترجیح یہ ہو گی کہ نہ صرف روزگار کے پہلے سے موجود مواقع ختم نہ ہونے دئے جائیں بلکہ نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ آئندہ کے تمام فیصلوں کے لئے ہمارا پیمانہ سادہ بھی ہے اور واضح بھی۔ ہم وہ کچھ کریں گے، جس سے ایک جانب روزگار کے مواقع کا تحفظ ہو اور دوسری جانب چھوٹے، درمیانے یا بڑے کاروباری اور صنعتی اداروں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ لوگوں کے لئے روزگار ..... یہی ہمارے عملی اقدامات کا اصل پیمانہ ہے۔‘‘

میرکل کے مطابق اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کاروباری اور صنعتی اداروں کو مطلوبہ قرضے ہر صورت میں فراہم ہو سکیں۔ بینک اِن قرضوں کا انتظام نہ کر سکے تو ریاست اِس سلسلے میں اپنا فرض ادا کرے گی۔ اپنے خطاب کا اختتام اُنہوں نے اِن الفاظ پرکیا کہ وہ جرمنی میں بسنے والے تمام انسانوں کو نئے سال دو ہزار نو کی مبارکباد دیتی ہیں اور یہ دعا کرتی ہیں کہ یہ سال سب کے لئے کامیابیاں، خوشیاں اور رحمتیں لے کر آئے۔