1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

روس اور یوکرائن گیس فراہمی کی نگرانی پر آمادہ ہو جائیں گے: یورپی یونین

یورپی یونین نے امید ظاہر کی ہے کہ روس یوکرائن گیس تنازعے کے حوالے سے روس اور یوکرائن یورپی یونین کی نگرانی پر آمادہ ہو جائیں گے۔

default

یوکرائن نے کہا کہ روس نے یورپ جانے والی گیس سپلائی کو مکمل طور پر کاٹ دیا ہے

حالیہ دنوں میں گیس کی قیمت سے متعلق روس اور یوکرائن کے درمیان تنازعے کے نتیجے میں روس نے قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی کردی تھی۔ روس نے یوکرائن پر گیس کی چوری کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ ستائیس ممالک پر مشتمل یورپی یونین کی گیس کی ضروریات کا ایک چوتھائی حصّہ روس فراہم کرتا ہے جس کا اسّی فیصد حصّہ براستہ یوکرائن آتا ہے۔

Gasstreit Russland Ukraine Symbolbild

یورپی یونین کی گیس کی ضروریات کا ایک چوتھائی حصّہ روس فراہم کرتا ہے


یورپی کمشن کے صدر غوزے مانیئل باروسو نے کہا ہے کہ روس اور یوکرائن یورپی یونین کےنمائندوں کی گیس سپلائی کی نگرانی پر تیّار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یوکرائن یورپی یونین کے قریب تر ہونا چاہتا ہے تو اس کو اس حوالے سے کوئی رخنہ نہیں ڈالنا چاہیے۔

اس سے قبل آج یوکرائن نے کہا کہ روس نے یورپ جانے والی گیس سپلائی کو مکمل طور پر کاٹ دیا ہے۔

Gasstreit Russland Ukraine

یورپ کے متعدد ممالک میں گیس کی قلّت شروع ہوگئی ہے اور بعض میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوچکی ہے


یورپی یونین روس اور یوکرائن کے درمیان گیس تنازعے کے حوالے سے فریقین کے ساتھ یورپی یونین کا ایک مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی غورکر رہا ہے۔ تنازعے کے نتیجے میں جرمنی سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں گیس کی قلّت شروع ہوگئی ہے اور بعض میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوچکی ہے۔

Gasstreit Russland Ukraine

امریکہ نے کہا ہے کہ روس توانائی کا بحران پیدا کرکے اپنے پڑوسی ممالک کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے


یورپی یونین نے روس کی جانب سے براستہ یوکرائن قدرتی گیس کی یورپ کو فراہمی میں کمی کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ یورپی یونین نے روس سے گیس کی فراہمی مکمل طور پر فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر امریکہ نے کہا ہے کہ روس توانائی کا بحران پیدا کرکے اپنے پڑوسی ممالک کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ امریکہ کا موقف ہے کہ اس نوعیت کی کارروائیاں سے روس کے عالمی سطح پر وسیع تر اثر کے امکانات معدوم ہو رہے ہیں۔

Ukraine Russland Gas

یورپی یونین کے صدر ملک جمہوریہ چیک نے تنازعے کے حل کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں

اس سے قبل یورپی یونین نے گیس تنازعے کے حوالے سے روس اور یوکرائن کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کو طویل قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے اثرات یورپی ممالک پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔

گیس درآمد کرنے والی جرمنی کی دو بڑی کمپنیوں کے مطابق تنازعے کے اثرات جرمنی پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں جہاں یورپ کے بیشتر ممالک کی طرح شدید سردی میں گیس کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔