1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

دوبارہ پوسٹ مارٹم کرایا جائے، مائیکل جیکسن کے خاندان کا مطالبہ

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کے خاندان نے گلوکار کی پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایک نئی آٹوپسی کروائِی جائے۔

default

مائیکل جیکسن کو ’کنگ آف پاپ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا

Michael Jackson / Trauer

ٹورونٹو میں بھی مائیکل جیکسن کو خراجِ عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے


مائیکل جیکسن کے خاندان والوں نے جیکسن کی موت سے متعلق بعض پہلوؤں پر غیر تسلّی بخش جواب ملنے پر غصّے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی موت سے متعلق بعض سوالات ایسے ہیں جن کے لیے جیکسن کا ایک مرتبہ پھر پوسٹ مارٹم کروایا جانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ عالم گیر شہرت رکھنے والے پاپ اسٹار مائیکل جیکسن جمعرات کے روز حرکتِ قلب بند ہو جانے کے سبب لاس اینجلیس میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر نے پوری دنیا میں ان کے مدّاحوں کو سوگوار کردیا ہے۔

BdT Gefangene auf den Philippinen imitieren Michael Jackson Tanz

فلپائن میں مایئکل جیکسن کے مدّاح جیکسن کی طرز کا رقص پیش کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں


مائیکل جیکسن کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ لاس اینجلیس کی پولیس نے جیکسن کا ابتدائی پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ان کی موت میں کسی ’گڑ بڑ‘ یا سازش کے امکان کو مسترد کردیا ہے تاہم پولیس کے مطابق ابھی ان کے مزید کئی ٹیسٹ ہونا باقی ہیں جن کے نتائج آنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

مائیکل جیکسن کی لاش کو ہفتے کے روز ان کے خاندان والوں کے حوالے کردیا گیا۔ تاہم ان کی لاش کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔

ادھر مائیکل جیکسن کے نجی ڈاکٹر سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جیکسن کے انتقال سے کچھ دیر قبل ان کے ڈاکٹر نے انہیں تکلیف ختم کرنے والا ایک انجیکشن یا ’پین کلر‘ دیا تھا۔ تاہم لاس اینجلیس پولیس کے مطابق وہ جیکسن کے ڈاکٹر کو اس حوالے سے مشتبہ نہیں سمجھ رہی ہے۔ تاہم مائیکل جیکسن کے اہلِ خانہ کو ڈاکٹر کے کردار پر شبہ ہے۔

Bildergalerie Michael Jackson

تیرہ برس کی عمر میں جیکسن اپنے بھائیوں کے ساتھ ’جیکسن فائو‘ نامی بینڈ میں پرفارم کرتے تھے


دوسری جانب ہفتہ کے روز بھی دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کے مدّاحوں نے ان کے انتقال پر سوگ منایا اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا۔

نیو یارک کے مشہور اپولو تھیٹر کے باہرجیکسن کے مدّاحوں نے ہزاروں کی تعداد میں جمع ہو کر آنجہانی ’کنگ آف پاپ‘ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ انیس سو انہتر میں جیکسن نے اپولو تھیٹر سے ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

Trauer um Michael Jackson in Mexiko

مائیکل جیکسن کی ایک فین میکسیکو سٹی میں ان کی یادگاری تقریب میں غمزدہ حالت میں


دوسری جانب مائیکل جیکسن کی اچانک موت کے بعد ان کے گانوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ان کے ریکارڈز دھڑا دھڑ فروخت ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے ان کے مشہور گانوں کا ایک مجموعہ تیّار کیا جا رہا ہے جس کو اتوار کے روز ریلیز کیا جائے گا۔

انیس سو بیاسی میں ’تھرلر‘ نامی البم کے منظرِ عام پر آنے کے بعد مائیکل جیکسن کو عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ ’تھرلر‘ آج کی تاریخ تک دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک البم ہے۔

مالی مشکلات کا شکار اور مختلف اسکینڈلز میں پھنسے مائیکل جیکسن جولائی کے مہینے سے کانسرٹس کا ایک سلسلہ شروع کرنے والے تھے اور اس ضمن میں ان کا پہلا کانسرٹ تیرہ جولائی کا لندن میں ہونا تھا۔

DW.COM