1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

جی ایٹ سربراہی اجلاس

فرانس میں دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ممالک کے رہنما جوہری توانائی کے استعمال، مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں جاری جمہوریت کی تحریکوں کے علاوہ کئی دیگر اہم مسائل پر بحث کریں گے۔

default

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی آج عالمی وقت کے مطابق صبح پونے گیارہ بجے دو روزہ جی ایٹ سربراہی اجلاس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ فرانس کے تفریحی مقام دُووِل میں ہونے والی اس کانفرنس میں جاپان میں فوکوشیما کے جوہری حادثے کے بعد ایٹمی توانائی کے استعمال کو مزید محفوظ بنانے پر بات ہو گی۔ اس کے علاوہ عرب ممالک میں جاری تحریکوں کے علاوہ اقتصادی موضوعات پر بھی خاص توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ جمعے کی دوپہر تک جاری رہنے والی اس سربراہی کانفرنس کے آغاز میں ہی دنیا کے آٹھ طاقتور ممالک کے گروپ کے سربراہاں جاپان سے11مارچ کو آنے والے زلزلے اور سونامی لہروں سے ہونے والی تباہی کے تناظر میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

Paris E G8 Treffen Sarkozy und Mark Zuckerberg

فیس بک کے بانی مارک زوکربیرگ بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں

اس سربراہی اجلاس میں جاپان، روس، امریکہ، کینیڈا، اٹلی، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے سربراہان کو پہلی مرتبہ عرب خطے میں ہونے والی تبدیلیوں میں ایک ساتھ بات کرنے کا موقع ملے گا۔ امریکی صدر باراک اوباما برطانیہ کا اپنا دورہ مکمل کر کے فرانس پہنچ چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ساتھی سربراہان سے کہا شمالی افریقہ اور مشرقی وسطٰی میں آنے والی تبدیلیوں کے بعد کی صورتحال میں ان ممالک کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ روس نے خبردار کیا تھا کہ اس کانفرنس کو ماسکو حکومت کے حلیف عرب ممالک پر پابندیاں عائد کرنے اور ان پر دباؤ بڑھانے کے حوالے سے استعمال نہ کیا جائے۔

تیونس اور قاہرہ حکام چاہتے ہیں کہ امریکی صدر باراک اوباما ان ممالک کے لیے مالی تعاون کی بات کریں۔ تیونس کے ایک وزیر نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ انہیں امید ہے کہ جی ایٹ اجلاس کے موقع پر جمہوری عمل کی رفتار بڑھانے کے حوالے سے کسی بڑے امدادی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا۔\

G20 Gipfeltreffen in Toronto Kanada Protest

ہر سال جی ایٹ کانفرنس کے موقع پر احتجاج کیا جاتا ہے

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کے ایرک شمٹ اور فیس بک کے بانی مارک زوکربیرگ کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ افریقی ملک آئیوری کوسٹ، نائجر، اور گینی کے نو منتخب ارکان بھی جی ایٹ اجلاس میں موجود ہوں گے۔ جی ایٹ سربراہی اجلاس میں مشرق وسطی امن بات چیت کے علاوہ عالمی مالیاتی ادارے کے نئے سربراہ کا انتخاب بھی مرکزی موضوعات میں شامل ہے۔

فرانس میں جی ایٹ اجلاس سے قبل ہزاروں افراد نے احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین نے جی ایٹ ممالک کے خلاف نعرے بازی کی اور امیر ممالک سے دولت کی مساوی تقسیم کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: شامل شمس

DW.COM

ویب لنکس