1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

جوبائیڈن نے مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کردی

وائٹ ہاؤس کے مطابق اس اسرائیلی اقدام نے امریکی نائب صدر کو اشتعال دلایا جس کے سبب وہ اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ کھانا کھانے بھی ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔

default

امریکی نائب صدر جو بائیڈ ن نے اسرائیل کی جانب سے متنازعہ مشرقی یروشلم میں مزید مکانات تعمیر کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ اسرائیلی حکومت نے پیر کو مغربی کنارے میں جبکہ منگل کویروشلم میں نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا جس کے سبب امن مذاکرات کی بحالی بظاہر خطرے میں پڑ گئی ہے۔

نائب امریکی صدر کی خطے میں آمد کےموقع پر فلسطینیوں نے اپنی سابقہ شرطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بالواسطہ امن مذاکرات کی حامی بھری تھی۔ تل ابیب کی جانب سے یہودی آباد کاری کا متنازعہ معاملہ دوبارہ چھیڑے جانے کے سبب فلسطینی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Barack Obama mit Benjamin Netanyahu und Mahmoud Abbas Flash-Galerie

گزشتہ سال ستمبر میں امریکی صدر اوباما کے ساتھ فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

منگل کی شب تل ابیب میں موجود نائب امریکی صدر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیلی حکومت کا یہ فیصلہ اعتماد کی فضاء کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس کی بہت ذیادہ ضرورت ہے۔ فلسطینی حکام نے بھی اس سلسلے میں عرب لیگ سے رابطہ کرکے رہنمائی کی درخواست کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل امر موسیٰ سے نئی پالیسی وضع کرنے کی درخواست کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابو دودیانا کے بقول اسرائیل کا یہ فیصلہ اس امر کا ثبوت ہے کہ بالواسطہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ہی امریکی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتین یاہو نے البتہ جوبائیڈن سے اپنی ملاقات میں اور صحافیوں سے بات چیت میں اسرائیلیوں کی سلامتی اور ایران کے معاملے کو اٹھایا ۔ نیتین یاہو کے بقول وہ اوباما انتظامیہ کی تہران حکومت کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں سخت ترین پابندیوں کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کے ضمن میں بھی واشنگٹن کی کوششوں کو سراہا اور مذاکرات کی بحالی کی امید ظاہر کی۔

Joseph Biden in Israel zu Gesprächen März 2010

نائب امریکی صدر جو بائیڈن منگل کو اسرائیلی صدر شمعون پیریز سے بھی ملے

نائب امریکی صدر نے اسرائیل کو سلامتی کے سلسلے میں واشنگٹن کی حمایت کا یقین دلایا۔ جو بائیڈن کے مطابق اسرائیلیوں کی سلامتی فلسطینیوں، شام، لبنان حتیٰ تمام عرب دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات سے جڑی ہے اور یہ عرب دنیا، اسرائیل اور امریکہ کے مفاد میں ہے۔ نائب امریکی صدر بدھ کو رملا میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور وزیرا عظم سلام فیاض سے ملاقات کریں گے۔ اسی سلسلے میں خطے میں موجود سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کی بھی بائیڈن سے ملاقات متوقع ہے۔

منگل کو تل ابیب میں نائب امریکی صدر سے ملاقات کے بعد اسرائیلی صدر شمون پیریز نے معنی خیز انداز میں کہا کہ فی الحال موجودہ صورتحال میں بہتری کے امکانات سے بہت زیادہ امیدیں لگانے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق ہالی وڈ کی فلموں میں بھی ’ہیپی اینڈ‘ اختتام میں ہی سامنے آتا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : کشور مصطفیٰ

DW.COM