1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

جرمن چانسلر کا دورہ امریکہ

حکومتی ذرائع کے مطابق چالیس گھنٹوں پر محیط اس دورے کے دوران میرکل اور امریکی صدر باراک اوباما کے مابین ملاقات میں دیگر اہم معاملات کےعلاوہ ایران کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

default

صدر اوباما کا بطور امریکی صدر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد چانسلر میرکل کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے

وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل جمعرات کو امریکہ پہنچ رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں انگیلا میرکل اورامریکی صدر باراک اوباما کی بالمشافہ ملاقات امکاناً تین گھنٹوں پر محیط ہو سکتی ہے۔ صدر اوباما کا بطور امریکی صدر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد چانسلر میرکل کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہوگا جب کہ امریکی صدر دو مرتبہ برلن کا دورہ کر چکے ہیں۔

امریکی صدر اور جرمن چانسلر کی ملاقات جمعہ کو ہونا طے ہے۔ امریکی صدر کے علاوہ چانسلر میرکل ایوانِ نُمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گی۔

جرمن حکومتی ذرائع کے مطابق امریکہ اور جرمنی کے درمیان ایران کے متنازعہ الیکشن کے حوالے سے اتفاق پایا جاتا ہے۔ دونوں ملکوں کی جانب سے ایران کے صدارتی انتخابات کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں اور اُن کو حکومتی طاقت سے کنٹرول کرنے کی مذمت کی جا چکی ہے۔

USA Verhandlungen über 700 Mrd Rettungspaket

چانسلر میرکل ایوانِ نُمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گی

اِس کے علاوہ دونوں رہنما ؤں کی ملاقات کے دوران جرمن چانسلر تحفظ ماحولیات جیسے معاملات میں امریکی معاونت کی ضرورت پر بھی اظہارِ خیال کریں گی۔ امریکی معاونت سے اِس سال دسمبر میں یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں شروع ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں کیوٹو پروٹوکول کے متبادل کسی معاہدے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

جرمن چانسلر اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جو دوسرے معاملات زیر بحث آ سکتے ہیں، اُن میں نیٹو کا افعانستان مشن، امریکی صدر کے قاہرہ میں خطاب کے بعد کا ردِ عمل، اور روس کے ساتھ تعلُقات کی نوعیت نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی مالیاتی بحران کاموضوع بھی زیر بحث آنے کی قوی امید ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو اس دورے کے دوران ایرک واربُرنگ پرائز سے نوازا جائے گا۔ یہ انعام جرمن امریکی تعلُقات میں خیرسگالی اور گرم جوشی پیدا کرنے والی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔ انگیلا میرکل سے قبل یہ انعام سابق امریکی صدر جورج ایچ ڈبلیوبش اور امریکی سفارت کار ہنری کسنگر کو دیا جا چکا ہے۔

عابد حسین

ادارت:عاطف بلوچ