1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

بھارت: ’کبوتر‘ کے بعد اب ’طوطا‘ پولیس کی حراست میں

بھارت میں پولیس اہلکاروں نے ایک طوطے کو ایک بزرگ خاتون کو گالیاں دینے کے الزام میں پیش ہونے کا حکم دیا اور پھر یہ جاننے کے لیے اُس کا معائنہ کیا گیا کہ آیا وہ بُرے طرزِ عمل کا مرتکب ہوا ہے یا نہیں۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے پولیس کے ایک اہلکار کے حوالے سے اس واقعے کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ بھیجی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک پچھتر سالہ خاتون جانابائی ساکھارکر نے پیر 17 اگست کو پولیس میں ایک شکایت درج کروائی۔

اس بزرگ خاتون نے الزام لگایا کہ اُس کے پڑوسی نے پنجرے میں رکھے ہوئے اپنے طوطے ’ہریل‘ کو گالیاں سکھا رکھی ہیں اور جب کبھی بھی وہ اُس کے گھر کے پاس سے گزرتی ہے، طوطا اُسے گالیاں دینے لگتا ہے۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس خاتون کا جائیداد کے معاملے پر اپنے سوتیلے بیٹے کے ساتھ کوئی تنازعہ چل رہا ہے۔ خاتون کا الزام تھا کہ اُس کا یہ بیٹا بھی اُس کے ہمسائے کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ مقامی پولیس چیف پی ایس ڈونگرے کے مطابق اس پر پولیس نے تینوں کو، جن میں بیٹے اور ہمسائے کے ساتھ ساتھ طوطا بھی شامل تھا، پولیس اسٹیشن میں طلب کر لیا۔

تاہم پولیس کے اتنے سارے سپاہیوں کو دیکھ کر طوطا غالباً گھبرا گیا اور اُس وقت اُس کی زبان پر جیسے تالا پڑ گیا، جب اُس کا شکایت کنندہ بزرگ خاتون سے سامنا کروایا گیا۔ پولیس چیف ڈونگے کے مطابق ’جب طوطے کا پنجرہ خاتون کے قریب لایا گیا تو اُس خاتون نے بار بار اپنا نام اُس کے سامنے دہرایا لیکن مجال ہے کہ طوطا ایک لفظ بھی بولا ہو:’’ہم بہت غور سے اس سارے منظر کا جائزہ لے رہے تھے۔‘‘

ڈونگے کے مطابق بعد ازاں یہ طوطا محکمہٴ جنگلات کے سپرد کر دیا گیا تاکہ اُسے جنگل میں لے جا کر آزاد کر دیا جائے۔

Brieftaube mit Brief

اس سال مئی کے اواخر میں بھارتی پولیس نے پاکستان سے اُڑ کر سرحد پار کرنے والے اسی طرح کے ایک کبوتر کو جاسوسی کے شبے میں حراست میں لے لیا تھا

واضح رہے کہ اس سال مئی کے اواخر میں بھارتی پولیس نے پاکستان سے اُڑ کر سرحد پار کرنے والے ایک کبوتر کو جاسوسی کے شبے میں حراست میں لے لیا تھا۔ بعد ازاں اس کبوتر کو ایکسرے سمیت مختلف طرح کے معائنوں سے گزارا گیا تھا۔ جاسوسی ہی کے شبے میں بھارت میں ایک کبوتر کے پکڑے جانے کا ایک واقعہ 2010ء میں بھی پیش آیا تھا۔

ملتے جلتے مندرجات