1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

حالات حاضرہ

بھارت: براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی، اربوں ڈالر کی کمائی

بھارت میں وائرلیس براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی کا سولہ روزہ حکومتی عمل مکمل ہو گیا۔ نیلامی کے بعد مختلف کمپنیوں کی جانب سے بھارتی حکومت کو تقریباً پونے نو ارب ڈالر کی خطیر رقم فیس کے طور پر وصول ہوئی ہے۔

default

بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کا ڈیٹا

بھارت میں لاسلکی براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک غیر معروف کمپنی انفو ٹیل (Infotel) کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس کمپنی کو اب بھارت کے طول و عرض میں اپنا نیٹ ورک پھیلانے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔ اس کےعلاوہ ایرسیل (Aircell) کو سات جغرافیائی حدوں میں نیٹ ورک پھیلانے میں کامیابی ہوئی۔ ایئر سیل کے زیادہ حصص کی ملکیت ملائیشیا کی میکسیز (Maxis) کمپنی کے پاس ہے۔ بھارت میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی بھارتی ایئر ٹیل کو اور امریکی انٹر نیٹ اور موبائل کے خاص چپ تیار کرنے والی کوالاکوم کو بھی چار مختلف سیکٹرز میں اپنے نیٹ ورک پھیلانے کی اجازت حاصل ہو گئی ہے۔

بھارت ہی کی دو بڑی کاروباری کمپنیاں نیلامی کے عمل میں بڑی بولی دینے میں ناکام رہیں۔ ان میں ریلائنس اور ووڈا فون شامل ہیں۔ وائر لیس براڈ بینڈ سپیکٹرم کی تیسری جدید جینریشن کا نیٹ ورک پھیلانے کے لئے گیارہ سیکٹرز کی نیلامی کا عمل سولہ روز جاری رہا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نیلامی کا میزبان مرکزی محکمہ ٹیلی کام تھا۔

اس نیلامی کے عمل میں بڑی بڑی کمپنیوں نے اربوں ڈالر جھونک رکھے تھے۔ سولہ روزہ نیلامی کے بعد بھارت حکومت کو 8.56 ارب ڈالر یا 385

Tamil Nadu - The Land of Tamils

ایک بھارتی شہر میں موبائل کمپنی کا لوگو

ارب روپے کی کمائی ہوئی اور اس مد میں وصول ہونے والی رقم کوحکومتی صنعتی پالیسی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑی کامیابی اور سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد سے تعبیر کیا گیا ہے۔ مبصرین کے خیال میں اس نیلامی سے عالمی مالیاتی حدود میں بھارتی اعتبار میں بھی اضافہ یقینی ہے۔

فروری میں بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکھر جی نے سالانہ بجٹ میں اس کا عندیہ دیا تھا کہ اس نیلامی سے حکومتی خزانے میں تقریباً آٹھ ارب ڈالر آنا یقینی ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم بھارتی وزیر خزانہ کے اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔ مالیاتی امور کے ماہرین کے مطابق اربوں روپے کی اس رقم سے مرکزی حکومت اپنے سالانہ بجٹ خسارے کو مزید کم کرنے کی پوزیشن میں آ گئی ہے، جو سالانہ شرح نمو میں نکھار پیدا کرنے کا بھی باعث ہو سکے گا۔ عالمی کساد بازاری کے باوجود بھارتی صنعتی ترقی کی شرح مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔

بھارت کا وسیع رقبہ براڈ بینڈ سروسز کے لئے کل بائیس سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس تازہ نیلامی سے بھارت کے سبھی علاقوں میں انٹرنیٹ کی تیز رفتار سروس کے ساتھ وائر لیس موبائل فون رابطوں میں بہتری آئے گی اور ٹیلی وژن نشریات کو بھی بہتر انداز میں دیکھا جا سکے گا۔ وائر لیس براڈ بینڈ کی تیسری جینریشن کا ایک اور فائدہ یہ ہو گا کہ بڑے بڑے ڈیٹا یا اعداد و شمار کو تیز رفتاری سے ایک مقام سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

DW.COM