1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

بنڈس لیگا، ہینوور نے میونخ کا جادو توڑ دیا

بنڈس لیگا کے دسویں میچ ڈے کے آخری دن کھیلے گئے ایک اہم میچ میں ہینوور نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان میونخ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی جبکہ شالکے نے لیورکوزن کو ایک صفر سے ہرا دیا۔

default

ہینوور کے محمد عبدل اوے پنلٹی اسٹروک پر گول کرتے ہوئے

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن میں بائیس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن کی ٹیم میونخ نے اس میچ میں شکست کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ تاہم ہینوور نے ’اپ سیٹ‘ کرتے ہوئے اب اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

اتوار کے روز لیورکوزن کو شکست دینے والی ٹیم شالکے کے بھی اب اٹھارہ پوائنٹس ہو گئے ہیں لیکن وہ اچھی گول اوسط کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر ہے۔ دسویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبرکا اعزاز ڈورٹمنڈ کے پاس ہے۔

اتوار کو ہینوور کے AWD ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے میونخ کے کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا۔ بنڈس لیگا کے اس گرما گرم میچ میں دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کیا گیا۔

Bundesliga Leverkusen Schalke Ballack Flash-Galerie

لیور کوزن کے میشائل بالاک ایکشن میں

کھیل کے 23 ویں منٹ میں ہینوور کی نمائندگی کرنے والے ناروے کے فارورڈ کھلاڑی محمد عبدل اوے نے انفرادی طور پر ٹورنامنٹ کا ساتواں گول کر کے میونخ کو الجھن میں ڈال دیا۔ بعد ازاں 50 ویں منٹ میں کرسچیان پانڈر نے دوسرا گول کر کے میچ پر ہینوور کی گرفت مضبوط بنا دی۔

میونخ کی طرف سے کئی حملے کیے گئے تاہم ہینوور کا دفاع عمدہ رہا۔ آخر کار 83 ویں منٹ میں آسٹریا کے اسٹار کھلاڑی ڈیوڈ الابا نے گول کر کے میونخ کو کچھ حوصلہ دلایا مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ تیرہ میچوں بعد میونخ کی یہ پہلی شکست تھی۔

اتوار کو ہی بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں شالکے کی نمائندگی کرنے والے پیرو کے اسٹرائیکر جیفرسن فارفان نے میچ کا واحد گول کر کے لیورکوزن کے خواب چکنا چور کر دیے۔ لیورکوزن کی ٹیم اس میچ میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

بنڈس لیگا کے دسویں میچ ڈے کے اختتام پر لیگ کی تمام یعنی اٹھارہ ٹیموں نے اپنے دس دس میچ کھیل لیے ہیں۔ جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کا گیارہواں میچ ڈے اٹھائیس اکتوبر بروز جمعہ کو شروع ہو گا، جو تیس اکتوبر بروز اتوار تک جاری رہے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

DW.COM

ویب لنکس