1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

کھیل

بنڈس لیگا: مؤنشن گلاڈ باخ سرفہرست مقام نہ پا سکی

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کے سلسلے میں مؤنش گلاڈ باخ کی ٹیم آؤگس برگ سے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی اور یوں وہ بائرن میونخ کو سرفہرست مقام سے ہٹانے میں ناکام رہی۔

آؤگس برگ کے کھلاڑی میچ کے بعد

آؤگس برگ کی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست دی۔ فاتح ٹیم کے لیے یان اِنگ وِر نے کھیل کے 51 ویں منٹ میں گول کیا۔ یان اِنگ وِر آؤگس برگ میں شمولیت سے قبل مؤنشن گلاڈ باخ کے لیے کھیلا کرتے تھے۔ ان کے گول کے نتیجے میں مؤنشن گلاڈ باخ کو رواں سیزن میں چھ مقابلوں کے بعد پہلی مرتبہ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

مؤنشن گلاڈ باخ کو اپنے اسٹار کھلاڑی مارکو ریوس کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، جو پیر کو چوٹ کے سبب جمعے کو کھیلے گئے میچ میں شریک نہیں ہو سکے۔ فاتح ٹیم آؤگس بیرگ کے کوچ یوش لوحوکے کے بقول ان کے کھلاڑیوں نے کسی بھی لمحے مؤنشن گلاڈ باخ کے خلاف دفاعی کھیل اپنانے کی کوشش نہیں اور اسی حکمت عملی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ شکست خوردہ ٹیم کے کوچ مارٹن سٹرانسل کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ انہوں نے آؤگس برگ کی ٹیم کو آسان حریف خیال نہیں کیا تھا مگر پھر بھی مقابلے کے دوران اُن کے کھلاڑیوں نے بہت سے غلطیاں کیں، جو شکست کا سبب بنیں۔

Fußball Bundesliga FC Augsburg Borussia Moenchengladbach

آؤگس برگ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے مقابلے کا ایک منظر

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کے رواں سیزن میں بائرن میونخ 31 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اگرچہ شالکے کی ٹیم کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں مگر بائرن میونخ کی گول اوسط قدرے بہتر ہے۔ سولہویں میچ ڈے کے سلسلے میں شالکے اپنا میچ جیت چکی ہے جبکہ بائرن میونخ کی ٹیم اتوار کو اشٹٹ گارٹ کا مقابلہ کرے گی۔ اتوار کو سولہویں میچ ڈے کے آخری دن کا دوسرا میچ دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ اور کائزرز لاؤٹرن کے مابین کھیلا جائے گا۔

لیگ ٹیبل پر دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ 30، 30 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔ مؤنشن گلاڈ باخ کا گول اوسط بورسیا ڈورٹمنڈ سے قدرے بہتر ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

DW.COM