1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

صحت

بلٹ پروف کافی، ’وزن کم کرے اور ذہانت بڑھائے‘

وزن کو کم کرنے اور ذہانت کو بڑھانے کا دعویٰ کرنے والی ایک نئی ’کافی ڈائٹ‘ امریکا میں بہت مقبولیت حاصل کرتی جا رہی ہے۔ تاہم طبی حلقوں کے اس کی افادیت کے بارے میں شبہات ابھی تک کم نہیں ہو سکے۔

Frau genießt Kaffee

سائنسی شواہد کو ایک طرف رکھ کر دیکھا جائے تو بالخصوص امریکا میں ’بلٹ پروف کافی‘ کی مانگ ناقابل یقین ہے

’بلٹ پروف ڈائٹ‘ کے سی ای او ڈیو آسپری کو یقین ہے کہ ان کی کمپنی کی تیار کردہ ’ڈائٹ کافی‘ اپنی افادیت میں غلط ثابت نہیں ہو سکتی۔ اسی لیے وہ اپنی اس پراڈکٹ کی ڈنکے کی چوٹ پر تشہیر کرتے نہیں تھکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈائٹ کے استعمال سے زندگیاں بدل سکتی ہیں۔

DW.COM

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے آسپری نے کہا کہ اگر کوئی روزانہ اس کافی کا ایک مگ پیئے گا تو اس کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی پیدا ہو جائے گی، ’’آپ ایک اچھے آجر بن جائیں گے، اچھے والدین، اچھے دوست اور سب سے بڑھ کر ایک اچھے انسان۔‘‘

ڈیو آسپری نے اس مشروب کو ’بلٹ پروف کافی‘ کا نام دیا ہے، جس کی تیاری میں ان کے بقول نباتات اور دیگر قدرتی اجزاء اور مصنوعات کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ کافی ملک شیک کی طرح نظر آتی ہے، جو غذائی اعتبار سے تمام اہم پروٹینز سے بھرپور ہوتی ہے۔

Dave Asprey کا کہنا ہے کہ اس کافی کو پینے سے بھوک میں کمی واقع ہو جاتی ہے کیونکہ اس میں مکمل غذا شامل ہے۔ ان کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ یہ کافی دماغ کو تر و تازہ کر دیتی ہے اور انسان کی سوچنے کی صلاحیت میں بھی بہتری آ جاتی ہے۔

آسپری کے دعووں کے تناظر میں اگر امریکی منڈی کو دیکھا جائے تو ان کے یہ دعوے غلط معلوم نہیں ہوتے، کیونکہ امریکا میں دن بہ دن اس مشروب کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس کافی کے کئی صارفین نے بھی کہا ہے کہ اس کے استعمال سے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ ان افراد میں کئی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔

دوسری طرف طبی ماہرین نے اس مشروب کی افادیت پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ لاس اینجلس میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا UCLA کے میڈیکل سینٹر سے وابستہ ماہر غذائیت ایمی شنابل Amy Schnabel کا کہنا ہے کہ اس مشروب میں شامل اجزاء کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے وقتی طور پر فائدے تو ہو سکتے ہیں لیکن طویل المدتی بنیادوں پر اس کی افادیت کا کوئی سائنسی ثبوت ابھی تک دستیاب نہیں۔

ایمی شنابل نے مزید کہا کہ چونکہ اس مشروب میں شامل اجزاء کی وجہ سے بھوک ختم ہو جاتی ہے لہٰذا اس طرح وزن کا کم ہو جانا ایک عام سی بات ہو گی۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ طویل عرصے کے لیے ڈائٹ کا مناسب خیال نہ رکھنے کی وجہ سے طبی مسائل کا پیدا ہونا ایک عام سی بات ہو گی۔

Cafe Treffen Frauen Laptop

طبی ماہرین نے اس مشروب کی افادیت پر شکوک کا اظہار کیا ہے

اس مشروب میں چونکہ دیگر اجزاء کے ساتھ ساتھ کافی کا استعمال بھی کیا گیا ہے، جس میں کیفین ہوتی ہے، اس لیے اس کے پینے سے تازگی کا احساس بھی ایک معمول کی بات ہے۔

سائنسی شواہد کو ایک طرف رکھ کر دیکھا جائے تو بالخصوص امریکا میں ’بلٹ پروف کافی‘ کی مانگ ناقابل یقین ہے۔ ’بلٹ پروف‘ ویب سائٹ پر اب اس مشروب کے علاوہ صحت سے متعلق دیگر مصنوعات کی پیشکش بھی کی جا رہی ہے۔

امریکی عوام میں مقبولیت کے ساتھ ساتھ اس کو بزنس کی سطح پر بھی کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ اب اس کمپنی نے امریکا کے مختلف علاقوں میں اپنے اسٹوروں کی تعداد بھی بڑھانا شروع کر دی ہے۔