1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

بالی وُڈ برلن میں، فلم ’ڈان ٹو‘ کی شوٹنگ

بھارتی فلم صنعت بالی وُڈ کے سُپر سٹار شاہ رخ خان ’فلم ڈان ٹو‘ کی شوٹنگ کے لئے جرمن دارالحکومت برلن کا رخ کر رہے ہیں۔ اس سے برلن کی سیاحت کو چار چاند لگنے کی امید ہے۔

default

کنگ خان

shahrukh.jpg

شاہ رخ خان جرمن شہر ڈارٹمنڈ میں ایک کنسرٹ میں

اگرچہ کنگ خان کی جادوئی اداکاری کے دیوانے پوری دنیا میں موجود ہیں تاہم یہاں جرمنی میں شاہ رخ کے مداحوں کا اپنے سٹار کو پسند کرنے کا طریقہ اپنی جگہ نرالا اور منفرد ہے۔ بھارتی فلم اداکار خاص طور سے جرمن خواتین میں مشہور ہیں۔

برلن کے سیاحتی شعبے کے ڈائریکٹر بُرکہارڈ کیکر نے کہا کہ جرمن دارالحکومت میں اِس ہندی فلم کی شوٹنگ سے برلن کے دورازے بھارتی مارکیٹ کے لئے کھل جائیں گے:’’شاہ رخ خان کے یہاں آنے سے برلن سیاحت کے اعتبار سے بھارتی مارکیٹ کے لئے کھل جائے گا اور یہی ہم چاہتے بھی ہیں۔‘‘

BdT Shahrukh Khan auf der Berlinale 2008

شاہ رخ فلمی میلے بیرلینالے میں شرکت کرنے کے لئے جرمنی آئے تھے

اطلاعات کے مطابق شاہ رخ خان اپنی اِس نئی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں اسی سال سردیوں کے موسم میں برلن آ رہے ہیں۔ ’ڈان ٹو‘ کو برلن برانڈن برگ فلم پروموشن کمپنی ’میڈین بورڈ‘ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کمپنی فلم کی پروموشن کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ یورو خرچ کر رہی ہے۔

برلن میں ہدایت کار فرہان اختر کی فلم ’ڈان ٹو‘ کی شوٹنگ تقریباً دو مہینے تک جاری رہے گی۔ یہ فلم برلن کے کئی اہم تاریخی اور سیاحتی مقامات پر شوٹ ہو گی۔

Schauspieler Amitabh Bachchan

بالی وُڈ کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن

شاہ رخ خان نے گزشتہ برس جرمنی میں اس وقت تہلکہ مچایا تھا، جب اُن کی فلم ’مائی نیم از خان‘ برلن کے بین الاقوامی فلمی میلے بیرلینالے میں دکھائی گئی۔ جرمنی میں کنگ خان کے چاہنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جرمن نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد شاہ رخ کی فلمیں دیکھتی ہے، جن میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘،’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘،’دل تو پاگل ہے‘ ’مائی نیم از خان‘، بازی گر‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ قابل ذکر ہیں۔ یہ سبھی فلمیں جرمن ٹیلی وژن پر بھی دکھائی جا چکی ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ’ڈان ٹو‘ آئندہ سال ریلیز ہو گی۔ فلم ’ڈان‘ پہلی مرتبہ سن 1978ء میں بنی، جس میں بالی وُڈ کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن نے ہیرو کا کردار نبھایا تھا۔ امیتابھ کو اس فلم میں بہترین اداکاری پر بہترین اداکار کے ’فلم فیئرایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔ اس فلم میں امیتابھ وجے کے نام سے ایک انڈر ورلڈ ڈان بنے تھے۔ ان کے علاوہ اس سُپر ہٹ فلم میں زینت امان، پران، افتخار اور ہیلن نے بھی عمدہ کردار نبھائے تھے۔

واضح رہے کہ سن 2006ء میں شاہ رُخ خان کی اداکاری سے سجی فلم ’ڈان وَن‘ بہت زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ تب یہ فلم اپنی لاگت بھی پوری نہیں کر سکی تھی۔

شاہ رخ خان فلم ’ڈان وَن‘ میں اصل ڈان امیتابھ بچن کی ٹکر کی اداکاری پیش نہیں کر سکے تھے، دیکھتے ہیں کہ اِس بار وہ اِس مقصد میں کہاں تک کامیاب ہو پاتے ہیں؟

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجَد علی

DW.COM